سانحہ کوئٹہ کے واقع نے پوری قوم کو سوگوار کردیاہے،ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شوکت روف صدیقی

منگل 9 اگست 2016 22:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شوکت روف صدیقی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے واقع نے پوری قوم کو سوگوار کردیاہے ۔ حکومت صرف وی آئی پیز کی سیکورٹی میں مصروف ہیں ہم ایک قوم ہیں اور بحیثیت قوم یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم امن کا سرچشمہ ہیں ۔ اپنے ملک میں ایسے برتاؤ، حکومت اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے موجود ہیں لیکن عوام کو پوچھنے والاکوئی نہیں ہے۔

اب وقت مذمت کا نہیں مرمت کا ہے اور یہ مرمت ہمیں اپنے اندر کرنی ہوگی۔ اب میٹنگ کا وقت نہیں ہے بلکہ عملدرآمد کرنے کا وقت ہے ۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی تین دن تک سوگ منائے گی اور اگر حکومت نے وکلاء سمیت ملک بھر کی بارز کو سیکورٹی فراہم نہ کی تو وکلاء پارلیمنٹ کے سامنے جائینگے کیونکہ اب اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ملک کی ہر تحریک میں راولپنڈی بار نے بڑھ چڑھ کا حصہ لیا اور اب راولپنڈی سے تحریک کا آغاز کررہے ہیں جو ملک بھر میں موجود بارز کی سیکورٹی کو یقینی بنانے تک جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کئی۔ اس موقع نائب صدر ضمیر عباسی، سیکرٹری جنرل سردار بلال قیوم خان، جوائنٹ سیکرٹری ملک عمیر قدیر ، سیکرٹری مالیت راجہ عبدالقیوم خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خان بہادر، سنیئر سول جج محمود اعظم، پنجاب بار کونسل کے سید انتظار مہدی، ظہیر الدین بابر، یاسر محمود چھٹہ، نرگس شبیر علوی، جوریہ عبرین قریشی، ممبر پنجاب بار کونسل سجاد اکبر عباسی اور ایگزیکٹو باڈی کے دیگر اراکین سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خان بہادر نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے بلکہ ہمیں یونٹی کی بھی ضرورت ہے دشمن ہمارے سامنے ہے اب دشمن ہمارے سے چھپا نہیں رہ گیا ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کی حدود میں آج سے تمام ریڑھی بانوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ سیکورٹی کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے ہر اقدامات کرینگے ۔

اجلاس کے بعد سابق صدر ہائی کورٹ و راولپنڈی بار توثیق آصف نے اجتماعی دُعا کروائی جس کے بعد وکلاء نے ڈسٹرکٹ بارمیں سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالے افراد کیلئے غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی ۔ اجلاس کے بعد چمبر آف کامرس راولپنڈی کی ایگزیکٹو باڈی نے ڈسٹرکٹ با ر کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ بار کی قیادت سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی مکمل طور پر یقین دہانی کروائی ۔

متعلقہ عنوان :