کوئٹہ دھماکا،گوگل کا مین پیج پر موم بتی روشن کرکے متاثرین کو خراج عقیدت

منگل 9 اگست 2016 22:16

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) دنیا کے بڑے اور معروف سرچ انجن کی جانب سے کوئٹہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد میں اپنے مین پیج پر ’موم بتی‘ روشن کی گئی۔کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں غم و غصے کا اظہار اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

پیر کے روز کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 112 زخمی ہوئے تھے۔اس افسوسناک واقعے پر جہاں ملک بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے، وہیں دیگر ممالک میں بھی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کے غم میں ’گوگل‘ بھی شریک نظر آتا ہے اور اپنے اسی غم کے اظہار کے لیے دنیا کے بڑے اور معروف سرچ انجن کی جانب سے کوئٹہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد میں اپنے مین پیج پر ’موم بتی‘ روشن کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گوگل کی جانب سے اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک میں دہشت گردی کے بدترین واقعات کے بعد یہ قدم اٹھایا جاتا رہا ہے۔یاد رہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے ہولناک واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ نے ’سیفٹی چیک‘ کا آپشن جاری کیا تھا، تاکہ صارفین اپنے پیاروں کی خیریت سے آگاہ ہوسکیں۔واضح رہے کہ فیس بک انتظامیہ نے ’سیفٹی چیک‘ کے فیچر کو 2014 میں متعارف کرایا تھا اور نومبر 2015 میں پیرس حملوں سے قبل اسے صرف 5 بار قدرتی آفات کے وقت متحرک کیا گیا۔اکتوبر 2015 میں پاکستان میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد بھی فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو استعمال کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :