تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر دستاویزات کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا جائیگا‘رانا مشہود

قائداعظم لائبریری اورآر کائیو ڈیپارٹمنٹ نادر دستا ویزات ، مخطوطات ، مسوددں اور خطوط کو محفوظ بنا ئیں گے‘وزیر تعلیم

منگل 9 اگست 2016 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہتحریک پاکستان کے حوالے سے نادر دستاویزات کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا، قائداعظم لائبریری اورآر کائیو ڈیپارٹمنٹ نادر دستا ویزات ، مخطوطات ، مسوددں اور خطوط کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا ئیں گے۔ قائداعظم لائبریری میں جشن ِ آزادی کی مناسبت اور تحریکِ پاکستان کے حوالے سے نایاب کْتب اور نادر تاریخی دستاویزات کی نمائش کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کو بھر پور طریقے سے مناتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارض وطن ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے 14اگست بھر پور طریقے سے منانیکا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم قائداعظم لائبریری میں نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالزپر گئے اور تاریخی اہمیت کے نادر نسخوں کا مطالعہ کیا۔ تحریک پاکستان کے حوالے سے نادروتاریخی کتب ،دستاویزات اور تصاویر کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔

آرکائیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تحریک پاکستان، صدارتی خطابات، قائداعظم محمد علی جناح اور گاندی کی ملاقاتوں کے احوال اورتحریک پا کستان میں حصہ لینے والے اخبارات کی نایاب کاپیاں بھی ڈسپلے کی گئیں۔ نمائش میں سرسید احمد خان، سید امیر علی،سید احمدبریلوی، احمد خان کھرل سمیت تحریک آزادی کے ہیروزسے متعلقہ تاریخی نوعیت کی اہم دستاویزات اور نایاب تصاویر کے ساتھ ساتھ علی گڑھ یونیورسٹی، باونڈری کمیشن، ریڈ کلف ایوارڈ کی دستاویزات سمیت کل 150کے قریب تاریخی نوادرات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری آرکائیو اینڈ لائبریری احمد رضا سرور، ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب ڈاکٹر ظہیر احمد بابر، ڈائریکٹر پنجاب آرکائیوز محمد عباس چغتائی، مسز سلمیٰ رانا ورکنگ لائبریرین قائداعظم لائبریری اور میڈیا کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم کا کوئٹہ افسوسناک واقعہ کے حوالے سے کہنا تھا کہ دشمن پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان کے اندر سے پاکستان کی و حدا نیت کی آواز اٹھ رہی ہے جو دشمن کو پسند نہیں آرہی۔پاکستان کے لئے 14اگست کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی اگست کا مہینہ چنا گیا اور اس سال پھر اگست کے مہینے میں کنٹینرپر کھڑے ہو کر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔آج پاکستان میں ترقی کے پہئے کو روکنے کیلئے تمام قوتیں اکٹھا ہو گئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرنگا پٹم میں بھی شکست کے ذمہ دار غدار تھے۔جمہوریت کے دعویداراس ملک کے اداروں پر اعتماد کیوں نہیں کرتے۔رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کا احتساب کرے گا۔ہم سکولوں اور ہسپتالوں کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔ہم پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں جو ان کو ہضم نہیں ہو رہا۔ہم فیصلہ عوام پر چھوڑتے ہیں۔ عوام فیصلہ کرئے گی اور سرخرو ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک نہیں ہے یہ اپنی مرضی کے ٹی او آرز بنانا چاہتے ہیں۔