ملک دشمن قوتیں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے خلاف ساز شیں کر رہی ہیں ،امریکہ ،اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ اقتصادی راہداری کے خلاف سر گرمِ عمل ہے ،حکومت سانحۂ کوئٹہ کی تحقیقات پر مٹی ڈالنے کے بجائے اسے منظر عام پر لائے ،کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے دفاع ِ پاکستان کونسل کے تحت 14اگست کو سفاری پارک سے مزار ِ قائد تک عظیم الشان آزادی مارچ کیا جائے گا ، مارچ کے اختتا م پر شاہراہ قائدین پر کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی ،15اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے مو قع پر یوم ِ سیاہ منایا جائے گا

دفاع ِ پاکستان کونسل کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ کی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

منگل 9 اگست 2016 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری اور دفاع ِ پاکستان کونسل کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے خلاف ساز شیں کر رہی ہیں ۔امریکہ ،اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ اقتصادی راہداری کے خلاف سر گرمِ عمل ہے ۔حکومت سانحۂ کوئٹہ کی تحقیقات پر مٹی ڈالنے کے بجائے اسے منظر عام پر لائے ۔

کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے دفاع ِ پاکستان کونسل کے تحت 14اگست کو سفاری پارک سے مزار ِ قائد تک عظیم الشان آزادی مارچ کیا جائے گا جبکہ مارچ کے اختتا م پر شاہراہ قائدین پر کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔15اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے مو قع پر یوم ِ سیاہ منایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو ادارہ نور حق میں دفاع ِ پاکستان کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔

قبل ازیں قاری محمد یعقوب شیخ نے سانحہ ٔ کوئٹہ میں شہید ہو نے والے افراد کے درجات کی بلندی،مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کرائی ۔اس مو قع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اﷲ بھٹو ،ڈپٹی سیکریٹری حافظ ساجد انور ،کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء مسلم پرویز ،برجیس احمد ،جماعت الدعوۃ کے ڈاکٹر مزمل اقبال ،جمعیت علمائے اسلام (س) کے قاری عبد المنان ،متحدہ جمعیت الحدیث کے مولانا قاری عارف رشید مسعود ،انصارالامہ کے محمد حسن ،اہلسنت و الجماعت کے محی الدین شاہ ،رب نواز حنفی ،قاری احسان رشید ،عابد ظفر ،مولانا خالد محمود ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ سانحہ ٔ کوئٹہ بڑا ہی دردناک واقعہ ہے ،اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ہم بلوچستان کے عوام اور وکلاء سے اظہار یکجہتی کر تے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سانحے کی تحقیقات سے قوم کا آگاہ کیا جائے ۔ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا جائے ۔قومی ایکشن پلان میں آپریشن ضربِ عضب ،کراچی آپریشن کی حکمت عملی طے کی گئی اس عرصے میں سیکورٹی فورسز نے بڑ ی قر بانیاں دی ہیں ۔

عوام بھی دہشت گردی کی بھینٹ چڑ ھے مگر المیہ یہ ہے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں مسلسل غیر ذمہ دارنہ کردار ادا کر رہی ہیں ۔کوئٹہ کے واقع سے حکومت کی ناقص سیکیورٹی پالیسی کھل کر سامنے آگئی ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دشمن قوتیں کام کر رہی ہیں جس کی نشاندہی بھی ہو رہی ہے مگر اصل مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان اس صورتحال کا مقدمہ عالمی برادری میں پیش نہیں کر سکا ۔

بلوچستان میں امریکہ نے ڈرون حملہ کیا ،حکومت نے اس واقعہ سے بھی دنیا کو آگاہ نہیں کیا ۔ایپکس کمیٹیاں طے شدہ دائرہ کار سے ہٹ کر علماء خطیب اور مدارس کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہیں ۔حکومت میں شامل سیکولر عناصر حالات کو دوسرا رخ دینا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز اور سیکورٹی فورسز نے کراچی میں اہم کردار ادا کیا مگر اختیارات کی توسیع کے معاملے میں اپنے مفادات کو ترجیح دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح مؤ قف ہے کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں اور اس کی مذمت کر تے ہیں ۔