انسداد پولیو کی کوششوں کو مر بوط بنایا جا ئے،مہم 29 اگست سے شروع ہو گی، کمشنرکراچی

منگل 9 اگست 2016 23:17

کراچی۔ 9اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت ای او سی کے دفتر میں کراچی میں انسداد پولیو کی کوششو ں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جس میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی جولائی میں ہونے والی خصوصی مہم کی کار کردگی اور اگست میں شروع کی جانے والی مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ آئیندہ مہم چھ روزہ ہو گی 29 اگست سے شروع ہو گی۔ بائیس لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سندھ کی سر براہ محترمہ عذرا پیچو ہو، صوبائی کو آرڈینٹر شہناز وزیر علی، ای او سی سندھ کے کو آرڈینٹر فیاض جتوئی، کراچی ٹاسک فور س کے کو آرڈینٹر ڈاکٹر نصرت علی، کنسلٹنٹ احمد علی شیخ، تمام ،ڈی آئی جی پولیس، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام زونز کے ایس ایس پیز، عالمی ادارہ صحت،یونیسف کے نمائندے، ہیلتھ افسران اور دیگر نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی مقصد ہے ۔ مہم کی کامیابی کے لئے تمام وسائل اور صلاحتیوں کو بروئے کار لایا جا ئے مر بوط کوششیں کی جائیں ،سیکورٹی کو یقینی بنایا جا ئے اور مائکروپلان پر بھر پور مضبوط رابطہ و تعاون کے ساتھ عمل کیا جا ئے۔ محترمہ عذرا پیچو ہو نے حالیہ مہم کی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبہ اور باہمی رابطہ سے کام کیا جا ئے گا تاکہ پولیو کے خاتمہ کی حکومت کی کوششیں جلد از جلد بار آور ہوں۔

کمشنر کراچی کو بریفنگ میں بتا یا گیا کہ رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی خصو صی مہم کی کار کر دگی اچھی رہی ۔ 99فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔29 اگست سے شروع ہو نے والی مہم میں تمام 188 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر بائیس لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔