وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا لیاری کا دورہ، اہل علاقہ کا احتجاج

بیوروکریسی میرے خلاف نہیں ہو سکتی، کام نہ کرنے والے جا سکتے ہیں۔ صفائی کی صورتحال دو ماہ میں بہتر ہو جائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اگست 2016 11:31

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست 2016ء ) : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران انہوںنے لیاری کے سرکاری اسکول کا بھی دورہ کیا ۔ اسکول کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سرکاری اسکولوں کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ این جی اوز سرکاری اسکولوں کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہیں، جس کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا پروگرام موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھوسٹ اساتذہ اور گھوسٹ اسکول ہی نہیں بلکہ گھوسٹ طلبا بھی موجود ہیں۔ اور ہم نے اسی گھوسٹ نظام کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی میرے خلاف نہیں ہو سکتی ، بیوروکریسی کو بھی ساتھ مل کر کام کرنے کا کہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ماضی میں الجھنا نہیں چاہتا ۔

(جاری ہے)

صوبے کی بہتری کے لیے میڈیا سمیت تمام اداروں کا تعاون چاہئیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اچھا کام کرنے والے کو شاباش دی جائے گی جبکہ کام نہ کرنے والے جا سکتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں گندگی میرے آنے سے پہلے کی تھی ۔ شہر کی گندگی پر کام ہو رہا ہے ۔ شہر بھر کی گندگی کو کچھ دنوں میں صاف نہیں کیا جا سکتا اس کے لیے آئندہ دو ماہ کے عرصے میں شہر کی صورتحال میں خاصا واضح فرق نظر آئے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کی بہتری کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ میں ہر شہر کے دورے کروں گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی لیاری آمد کے موقع پر علاقہ مکینوں نے پانی کی قلت اور صفائی کی صورتحال پر انہیں شکایات بھی کیں۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ پورے لیاری کا دورہ کر کے مسائل کا جائزہ لیں اور ان کا حل نکالیں۔

متعلقہ عنوان :