رنکی کھنہ کے موٹاپے نے ان کی شخصیت ہی بدل ڈالی

بدھ 10 اگست 2016 12:20

رنکی کھنہ کے موٹاپے نے ان کی شخصیت ہی بدل ڈالی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست۔2016ء) بالی ووڈ اداکارہ رنکی کھنہ کو پہچانا اب آسان نہیں کیونکہ موٹاپے نے ان کی شخصیت کو تبدیل کردیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ رنکی کھنہ لیجنڈری اداکارراجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی اور مشہور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کی بہن ہیں جنہوں نے 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ”پیار میں کبھی کبھی“سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور خوب شہرت حاصل کی جب کہ انہوں نے مختصر فلمی کیرئیر میں بڑے بڑے اداکاروں کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں گوندااور سلمان خان شامل ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ 4 سالہ فلمی سفر میں کوئی بڑی فلم تو نہ دے سکیں لیکن اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے باعث شہرت حاصل کی جب کہ انہیں کئی فلموں میں بہترین اداکاری پر ایوارڈ بھی دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رنکی کھنہ نے اپنے فلمی کیرئیر کے عروج میں 2003 میں ہی بزنس مین سمیر سارن سے شادی کے بعد فلمی دنیا سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرلی اور مستقل طور پر برطانیہ میں مقیم ہیں جب کہ اداکارہ شادی کے بعد مکمل طور پرگھریلوخاتون کا روپ دھار چکی ہیں اور اپنے بچوں کی پرورش میں مصروف ہیں۔

ماضی کی خوبصورت اداکارہ گزشتہ دنوں اپنی فیملی کے ساتھ سیروسیاحت کے لیے بھارت پہنچی تھیں جہاں ان کے بڑھتے ہوئے وزن نے ان کی شخصیت ہی بدل دی جس کے باعث انہیں پہچاننا اب مشکل ہوگیا ہے۔اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنی بہن اداکارہ رنکی کھنہ کی سیروسیاحت کی تصاویر سوشل میڈیا پرشیئر کیں تو کئی مداحوں نے حیرانی کا اظہار کیا جب کہ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں اور مداحوں کی جانب سے ماضی خوبصورت اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔