امریکی فوج دہشت گردی کے خاتمے اور داعش کی بیخ کنی تک عراق میں موجود رہے گی،باراک اوباما

بدھ 10 اگست 2016 13:09

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اگست۔2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی فوج دہشت گردی کے خاتمے اور داعش کی بیخ کنی تک عراق میں موجود رہے گی۔امریکی وزیر دفاع، ایشٹن کارٹر نے گزشتہ روز بغداد کے دورے کے دوران 4600 مزید فوجی عراق بھیجنے کا اعلان کیا اورکہا کہ امریکہ دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ اور داعش سے نمٹنے میں عراقی سیکورٹی فورسز کی مدد کرے گا۔

ایشٹن کارٹر نے عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی اور عراق کے وزیردفاع خالد العبادی کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دورے کے دوران امریکی حکام نے مشترکہ طور پر آئی ایس آئی ایس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عراق کی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے۔امریکی صدر باراک اوباما کے مطابق عراق کا 50 فیصد علاقہ فوج کے کنٹرول میں ہے، لیکن خطرہ اب بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ داعش کا کمزور نیٹ ورک زیادہ خطرناک ہے اسلئے امریکی فوجی ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عراق میں رہیں گے۔دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے امریکی ایجنسی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل مائیکل کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت ملک میں سیکورٹی کا کثیر السطحی نظام تیار کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ داعش یا دولت اسلامیہ کے نیٹ ورک کو کمزور کر دیا گیا ہے۔۔