سرینگر‘ بھارتی پولیس نے بارہمولہ ہسپتال میں قائم ریلیف کیمپ بند کر دیا

بدھ 10 اگست 2016 13:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بارہمولہ کے احاطے میں قائم جماعت اسلامی کا ریلیف کیمپ بند کر دیاہے ۔ ریلیف کیمپ سے700کے قریب مریضوں اور انکی دیکھ بال کرنے والے افراد کو کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس حکام نے جماعت اسلامی کے رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتال میں جاری اپنی ریلیف سرگرمیاں فوری طور پر معطل کر دیں۔

جماعت اسلامی نے ہسپتال میں اپنا ریلیف کیمپ بارہ جولائی کو قائم کیا تھا اور یہاں سات سو افراد کوو دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رضا کار منظور احمد نے کہا کہ انہیں پولیس کی طرف سے دھمکی دی گئی ہے کہ اگر ریلیف کیمپ فوری طور پر بندنہ کیا گیا تو انہیں خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کے اس اقدام سے سینکڑوں مریض اور انکے ساتھ موجود افراد سخت مشکلات سے دوچار ہونگے ۔

ایک مریض کے ساتھ موجود اسکے رشتہ دار حاجی محمد رمضان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مقبوضہ علاقے میں بازار ہند ہونے کے سبب کوئی چیز حاصل کرنا ناممکن ہے، جماعت اسلامی کے کیمپ سے انہیں دو قت کے کھانے کے علاوہ ادویات ملتی تھیں لیکن اب کیمپ بند ہونے سے انہیں سخت شکلات کا سامنا ہو گا۔