اظہر علی کو آوٴٹ کرنا مشکل ہوجاتا ہے‘ جیمز اینڈر سن

بدھ 10 اگست 2016 13:41

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)انگلش کرکٹر اور آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ حالیہ دور کے پاکستانی بیٹسمینوں میں اظہر علی سب سے بہتر ہیں اور وہ بہت عرصے سے اچھی بیٹنگ کررہے ہیں۔اوول کرکٹ گراوٴنڈ لندن سے بی بی سی اردو کے خصوصی فیس بک لائیو میں بات کرتے ہوئے اینڈرسن نے کہا کہ اظہر کو آوٴٹ کرنا ہمارے لیے مشکل ہوجاتا ہے اور اس میچ میں ان کی وکٹ سب سے اہم ہوگی۔

اینڈرسن نے کہا کہ اظہر ایک متوازن کھلاڑی ہیں، گراوٴنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف بولنگ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔جیمز اینڈرسن نے ون ڈے سیریز کے حوالے سے کہا کہ ون ڈے میچوں میں انگلینڈ کی حالیہ کارکردگی بہت اچھی رہی ہے تاہم پاکستان کے ساتھ کھیلنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی رینکنگ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان کے لیے رینکنگ اتنے معنی نہیں رکھتی اور وہ اپنے کھیل پر توجہ دیتے ہیں ‘حالیہ دور کے بولروں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اینڈرسن نے کہا کہ پہلے کی نسبت اب زیادہ تیز پچیں بن رہی ہیں اور قوانین بھی اب بیٹسمین کیلئے سازگار ہیں، لیکن ان کا خیال تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بھی ویسی ہی ہے جیسا کہ پہلے تھی۔

آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان 33 سالہ اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ سیریز جیتنا اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سے جو انھیں اعتماد ملے گا وہ مستقبل میں انڈیا اور بنگلادیش کے خلاف سیریز میں ٹیم کی مدد کرے گا۔