حکمران ملک و قوم کی بجائے صرف اپنی اور حواریوں کی ترقی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں‘جمشید چیمہ

بدھ 10 اگست 2016 13:43

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران ملک و قوم کی بجائے صرف اپنی اور حواریوں کی ترقی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں،کئی دہائیوں سے مہنگائی ، نا انصافی اور ظلم کی چکی میں پسنے والے طبقات تحریک انصاف کو امید کی کرن سمجھتے ہیں انشااللہ انہیں مایوس نہیں کریں گے،حکومت کی طرف سے زراعت کے شعبے کو یکسر نظر انداز کرنا مستقبل میں بڑی مشکلات کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے زراعت اور کسان کی ترقی کیلئے جامع پالیسی مرتب کر رکھی ہے انشا اللہ جب بھی اقتدار میں آئیں گے اس پر کسی تاخیر کے بغیر فوری عملدرآمد شروع کر یں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک میں جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی اس نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیا ۔ موجودہ حکومت کے دور میں کسانوں کو ان کی اجناس کا صحیح معاوضہ نہیں مل سکا ۔ اس سلسلہ میں میکنزم بنانے کی ضرورت ہے جس میں کسان کو بطور مرکزی اسٹیک ہولڈر شامل کر کے اس کی مشاورت کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکمران مجموعی طور پر ملک و قوم کی بجائے صرف اپنی اور حواریوں کی ترقی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

آج صرف کسان ہی نہیں بلکہ ہر شعبے سے وابستہ افراد مشکلات کا شکار ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی جدوجہد کے ذریعے عوام کو اپنے حقوق کاشعور دینے میں کامیاب رہی ہے انشا اللہ اب حکمرانوں کواحتساب کے کٹہرے میں لانے کیلئے جدوجہد جاری ہے جسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔