پاکستان کی پوری قوم مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی پشت پر ہے،سراج الحق

بدھ 10 اگست 2016 14:18

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر وسینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کا محافظ ہوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے عوام مجھے پاکستان کی سینیٹ میں اپنا نمائندہ سمجھیں،پاکستان کی پوری قوم مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی پشت پر ہے،سید علی گیلانی اور حریت پسند عوام کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ پاکستان کی پوری قوم تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے،مودی کشمیرمیں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کاپیدائشی اور بنیادی حق حق خودارادیت فراہم کرے۔

وہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے زیراہتمام گلگت میں عزم آزاد ی کشمیرکانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزا دجموں وکشمیر ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی،سابق امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان سابق وزیر قانون مشتاق ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ،سابق امیدوار اسمبلی حبیب لرحمان ،عبدالحلیم خان سمیت دیگرقائدین نے خطاب کیا،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ کشمیرکی آزادی نوشتہ دیوار ہے،بھارت نہیں پڑھے گا تو اس کا حشر سابق سوویت یونین سے بھی براہوگا،بھارت طاقت اور بندوق کے زور پر آزادی کی تحریک کو دبانہیں سکتا،اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے،پاکستان میں کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی اس وقت ہوگی جب پاکستان میں انگریزوں کے نظام کی بجائے قرآن وسنت کا نظام نافذ ہوگا،کشمیرکی آزاد ی میں بڑی رکاوٹ پاکستان میں جاگیر دار سرمایہ دار اوروہ وڈیرے ہیں جنہوں نے پاکستان پر قبضہ کررکھا ہے ہمارے اندرونی اور بیرونی مسائل کا حل بھی پاکستان میں نظریاتی فضا اور حقیقی اسلامی مملکت بنانے میں مضمر ہے جہاں کوئی ظالم مظلوم پر ظلم نہ کر سکے مظلوم کی داد رسی اس کے گھر کی دہلیز پر ہو جب تک اس طرح کا نظام نافذ نہیں ہو جاتا اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے ،قائد اعظم اور علامہ اقبال کے تصورات کے مطابق پاکستان کی تعمیر ہی ہماری اور امت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اکنامک کوری ڈور میں حصہ دیا جائے دیامر ،بونجی ڈیم تعمیر کیے جائیں اور اس کے وسائل یہاں کے عوام کو فراہم کیے جائیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم ملانے کے لیے استور اور نیلم کے درمیان شونٹر بائی پاس کو فوری طور پر تعمیر کیا جائے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون سا ز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو آئینی طور پر مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے جماعت اسلامی اول روز سے گلگت بلتستان کی آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ،گلگت بلتستان کے غیور لوگوں نے ڈوگرہ استعمار سے آزادی حاصل کی ہے اور کشمیر میں آزادی کے لیے جدوجہد جاری ہے اس کو کوئی نا شکست دے سکتا ہے اور نہ اس جذبے کو کمزور کر سکتا ہے برہان مظفروانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا آزادی کا انقلاب برپا ہے پوری کشمیری قوم کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل رہی ہے اور بھارت کو عملاً مفلوج کر کے رکھ دیا ہے بھارتی افواج اس تحریک کو کچلنے کے لیے مظالم کی انتہا کررہی ہے عالمی برادری ان مظالم کا سختی سے نوٹس لے،انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سے توقعات ہیں حکومت پاکستان بین الاقوامی اداروں کومتحرک کرے بھرپور سفارتی مہم منظم کرے جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد سے لے کر سراج الحق تک کشمیریوں کی ترجمانی کررہے ہیں اور وہ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

متعلقہ عنوان :