ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اوول ٹیسٹ میں افتخار احمد کی شمولیت کا عندیہ دیدیا

بدھ 10 اگست 2016 14:20

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اوول ٹیسٹ میں افتخار احمد کی شمولیت کا عندیہ دیدیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء)پاکستان کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اوول ٹیسٹ میں افتخار احمد کی شمولیت کا عندیہ د یتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ میں اب تک میدان کے اندر اور باہر کھلاڑیوں کا رویہ شاندار رہا، ایجبسٹن میں بھی میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جونی بیئراسٹو یا معین علی کی وکٹ جلد حاصل کرکے جیت بھی سکتے تھے، آخری معرکے میں سرخرو ہوکر سیریز برابر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ پرامید ہیں انہوں نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر کی کمی دور کرنے کیلئے افتخار احمد کو میدان میں اتارنے کا آپشن موجود ہے، مڈل آرڈر بیٹسمین اچھی آف اسپن بھی کر لیتے ہیں، انگلینڈ کے پاس کئی لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین موجود ہیں، ایسے میں اگر موقع ملا تو افتخار بطور پانچویں بولرکامیاب ثابت ہو سکتے ہیں، کوچ نے کہا کہ گذشتہ دوماہ میں میدان سے اندر اور باہر کھلاڑیوں کا رویہ شاندار رہا،گرین کیپس نے بہت سے دوست بنائے ہیں، مکی آرتھر نے کہاکہ پاکستان آخری معرکے میں سرخرو ہوسکتا ہے، طویل ٹور میں اگر ہم سیریز 2-2 سے برابر کرلیں تو یہ بہترین بات ہوگی، پوری امید ہے کہ مہمان کرکٹرز کم بیک کرتے ہوئے مثالی کھیل پیش کرکے اپنا مقصد حاصل کرلیں گے۔