پاک افغان بارڈر پر نئے تعمیر ہونے والے طورخم گیٹ کو باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا

بدھ 10 اگست 2016 14:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)پاک افغان بارڈر پر نئے تعمیر ہونے والے طورخم گیٹ کو باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ۔ طورخم گیٹ کو تعمیراتی کام کے باعث بند کیا گیا تھا پاک افغان بارڈر طورخم گیٹ پر افغان اور پاکستان فورسز کے تنازع اور غیر قانونی طورپر اور بغیر ویزے افغانیوں کے پاکستان میں داخل ہونے کی روک تھام کو روکنے کے لیے پاکستانی فورسز کی جانب سے طورخم گیٹ کی تعمیر شروع کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

تعمیراتی کام 2 ماہ میں مکمل ہونے کے بعد طورخم گیٹ کو باقاعدہ طور پر آج سے کھو ل دیا گیا ۔ طورخم گیٹ کو پاکستان گیٹ کا نام دیا گیا ہے ۔ طورخم گیٹ پر سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کے بعد افغانیوں کو مکمل سفری دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ پولیٹکل انتظامیہ ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 4 ہزار سے زائد پاکستانی اور افغانی سرحد پار آتے جاتے ہیں جبکہ سینکڑوں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بھی شروع ہو گئی ہے ۔ طورخم گیٹ / پاکستان گیٹ کے تنازع پر پاکستانی اور افغانی فورسز کے درمیان جھڑپ میں پاکستانی فورسز کے 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔