ملکی ترقی اقتصادی راہداری سے وابستہ ہے،دشمنوں کے خلاف قوم یکجان ہو جائے‘ میاں رحمان عزیر

بدھ 10 اگست 2016 14:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے ریجنل چےئرمین میاں رحمان عزیز نے سول ہسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ وکلاء سمیت معصوم لوگوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔

رحمان عزیز نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہسپتال میں دھماکے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔سول ہسپتال میں معصوم اور بے گناہ وکیلوں،صحافیوں اور دیگر لوگوں کا خون بہانے والے ظالموں کا اسلام یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے پوری دنیا کیلئے قابل نفرت ہیں،معصوم لوگوں کے بہنے والے خون نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ریجنل چےئرمین نے کوئٹہ میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کے قتل کی بھی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔کچھ لوگ چین پاک اکنامک کوریڈور (سی پیک)پر جلدی سے جاری ترقیاتی پراجیکٹ کے دشمن ہے اور وہ پاکستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔ملکی ترقی اقتصادی راہداری سے وابستہ ہے،دشمنوں کے خلاف قوم یکجان ہو جائے۔

متعلقہ عنوان :