فضل اللہ گروپ یوم آزادی پر واہگہ بارڈراور قصور میں گنڈا سنگھ بارڈر پر فوجی پریڈ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔حساس اداروں کا انتباہ‘

پاک بھارت سرحد کے قریب دیہات میں خفیہ اداروں کی نگرانی بڑھا دی گئی‘سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کو انسداد دہشت گردی اتھارٹی کا مراسلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 10 اگست 2016 14:47

فضل اللہ گروپ یوم آزادی پر واہگہ بارڈراور قصور میں گنڈا سنگھ بارڈر ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 اگست۔2016ء) حساس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد پاک بھارت سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کی کاروائیاں کرسکتے ہیں -وفاقی خفیہ ایجنسی کی جانب سے جاری انتباہ یں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بھارت اور پاکستان کی سرحد پر ممکنہ دہشت گرد حملے کا خطرہ ہے ۔ قومی انسداد دہشتگردی اتھارٹی نے سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کو ایک مراسلے میںخبردار کیا ہے کہ مبینہ طور پر تحریک طالبان، فضل اللہ گروپ یوم آزادی کے موقع پر لاہورمیں واہگہ بارڈراور قصور میں گنڈا سنگھ بارڈر پر فوجی پریڈ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم دو خود کش حملہ آوروں کو سرحد پر حملے کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے انتہائی ہوشیار رہنے اور سخت حفاظتی اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے۔ 14 اگست کوپاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بھی سخت حفاظتی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردیوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر عوامی اجتماعات کو نشانہ بناسکتے ہیں -یوم آزادی کو واہگہ باڈرپر ہونیوالے پریڈ دیکھنے کے لیے ملک بھر سے لوگ لاہور آتے ہیں اور ہزاروں افراد اس موقع پر واہگہ باڈرموجود ہوتے ہیں -ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سرحد کے قریب دیہات میں خفیہ اداروں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے جبکہ کچھ مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے - ادھرقصور کے سرحدی دیہات میں بھی نگرانی کا عمل سخت کردیا گیا ہے-دیہادتیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی انجان کو گھر یا جگہ کرائے پر دینے سے پہلے مقامی رینجرزحکام کو آگاہ کریں جبکہ کرایہ پر رہنے والے لوگوں کے کوائف بھی فوری طور پر رینجرزحکام کو مہیا کیئے جائیں-لاہور کے سرحدی دیہات میں بھی کرایہ داروں کی فہرستیں طلب کی گئی ہیں اور دیہاتوں کے نمبردارحضرات اور مقامی معززین سے بھی تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے-