موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے ‘ترجمان وزیر اعظم

بدھ 10 اگست 2016 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے،ہم پر عزم ہیں کہ ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ایک انٹرویو میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ایک اندوہناک واقعہ ہے، ملک میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے ہماری مسلح افواج کے کردار کو بھی پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا کیونکہ ان جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ تک پیش کرنے سے گریز نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب جو کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا کامیابی سے جاری اور اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا، ہم سب کو ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ ملک سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات شروع کردیے اور آج انہی اقدامات کی بدولت ملکی حالات ماضی کی نسبت بہتر ہیں، ابھی ان حالات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں اور ہم پر عزم ہیں کہ ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے میں کامیاب ہو جائیں گے۔