موسمِ برسات کی شجر کاری مہم 24 اگست کو ہوگی

بدھ 10 اگست 2016 15:21

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے کے زیراہتمام موسمِ برسات کی شجر کاری مہم 24اگست کو ہوگی ،جس میں تین لاکھ مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری مارگلہ ہلز کے دامن میں پودا لگا کر باقاعدہ طور پرشجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔ ممبر ماحولیات و ممبرفنانس ثناء اللہ امان نے”اے پی پی“ کو بتایا کہموسمِ برسات کی شجر کاری مہم کے دوران رنگا رنگ تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بالخصوص مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلبا ء کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں مشہورو معروف شخصیات ، فنکاروں کے علاوہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

رواں سال موسمِ برسات کی شجر کاری مہم کے دوران تین لاکھ مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے ۔ شجر کاری کے دوران جنگلات میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں پندرہ ہزار پھلدار پودے لگائے جائیں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایات پر لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور مہم میں پودوں کی افزائش کی شرح کو زیادہ سے زیادہ ممکن بنانے کے لیے ان پودوں کو پانی کی فراہمی اور دیگر حفاظتی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے تاکہ اسلام آباد کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے انوائرنمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد موسمِ برسات کی شجر کاری مہم کے تمام انتظامات کو مکمل کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

واضح رہے پہلے موسم برسات شجرکاری مہم 16 اگست 2016 ءء کو ہونا تھی تاہم موسم کی خرابی کے باعث اسے ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ اب نئے شیڈول کے مطابق شجرکاری مہم 24اگست کو ہوگی۔