سکردو گلگت روڈ کے پلوں کی تعمیرکاافتتاح 13اگست کوکیا جائیگا،وزیراعلیٰ

بدھ 10 اگست 2016 16:11

گلگت ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سکردو گلگت روڈ کے پلوں کی تعمیرکاافتتاح 13اگست کوکیا جائیگا اور6ماہ کی قلیل مدت میں جگلوٹ سکردو روڈ کے5 پلوں کی تعمیر مکمل کی جائیگی جس کے ساتھ ہی سکردو روڈکے کام کا بھی آغاز ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جو ایک تحریک کی حیثیت رکھتی ہے۔

ہم اتحاد بین المسلمین کی علامت ہیں اور ہمارے نظریے کی وجہ سے تمام مسالک کے لوگوں نے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیا تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل دے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دور تعمیر و ترقی کا دور ہے اور سی پیک منصوبے سے ترقی کے مواقع میسر آئینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے سکردو کچورا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے ضلعی عہدیداروں ، ورکرزاورمنتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح پرائیوٹ سیکٹر کو فروغ دینا ہے اوراسی حوالے سے بورڈ آف انوسٹمنٹ اور انڈسڑیل زون کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ روز گار کے مواقع میسر ہوں ۔وفاق میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے قیام کے بعد4500 ملازمین واٹر ایند پاور میں مستقل کیے گیے،5500 ملازمین کو حال ہی میں مستقل کیا گیا ہے بلوچستان حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں1400اسامیاں تخلیق کی جبکہ ہماری حکومت نے1500اسامیاں محکمہ تعلیم،1500 محکمہ صحت میں تخلیق کیں جن پر بھرتیوں کا عمل شروع ہوچکا ہے اور900اسامیاں فیڈریل پبلک سروس کمیشن کو بھرتیوں کیلئے بجھوادی گئی ہیں ایک سال کے اندر15ہزار ملازمتیں میرٹ پر صوبے میں دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ قومی مفادکو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے ہیں قوم کو یکجا کرنا اور نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہمارے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔