Live Updates

محض قراردادوں سے دہشت گردوں کا تدارک کسی صورت ممکن نہیں، وزیراعظم سے سننا چاہتے ہیں کہ حکومت نے اس خون ریز واقعہ سے کیا نتائج اخذ کئے ہیں، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کااجلاس سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ محض قراردادوں سے دہشت گردوں کا تدارک کسی بھی صورت ممکن نہیں اور وزیراعظم سے سننا چاہتے ہیں کہ حکومت نے اس خون ریز واقعہ سے یا نتائج اخذ کئے ہیں۔ بدھ کو تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین اور ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اندوہناک حملے میں وکلاء برادری کی ایک پوری نسل کشت و خون کی بھینٹ چڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض مذمتی قراردادوں سے دہشت گردی کا تدارک کسی بھی صورت ممکن نہیں اور وزیراعظم سے سننا چاہیں گے کہ حکومت اس خون ریز واقعہ سے کیا نتائج اخذ کئے ہیں۔ وزیراعظم سے کسی سیاسی بیان کی بجائے معنی خیز حکمت عملی کی توقع کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سنجیدگی سے سمجھنا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم بلوچستان میں بھارتی مداخلت دہشت گردی کی شدت میں تیزی اور سرحدوں پر بدلتے حالات سے نمٹنے کا کیا منصوبہ رکھتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات