اقبال ٹاؤن میں ریسکیو 1122کی گاڑی بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ،دو شدید زخمی

بدھ 10 اگست 2016 16:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ اقبال ٹاؤن میں ریسکیو 1122کی گاڑی بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ،تاریں ٹکرانے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے گاڑی جل کر مکمل تباہ ہو گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ گاڑی پٹرولنگ پر تھی کہ اقبال ٹاؤن کے علاقہ عمر پارک میں ہائی وولٹیج تاریں نیچے ہونے کے باعث ان سے ٹکراگئی جسکے نتیجے میں گاڑی میں آ گ بھڑک اٹھی ۔

کرنٹ لگنے اور آگ لگنے سے گاڑی میں سوار تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ پر قابو پا نے کے بعد زخمیوں کو متاثرہ گاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک اہلکار دم توڑ گیا جبکہ دو اہلکاروں کا علاج جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی ریسکیو بریگیڈئیر (ر) ارشد ضیاء اور پرنسپل ریسکیو اکیڈمی بریگیڈ(ر) امیر حمزہ سمیت پولیس افسران نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی ۔

اہل علاقہ کے مطابق لیسکو حکام کو چند روز قبل تاروں کو اونچا کرنے کیلئے باضابطہ درخواست دی جا چکی ہے جس میں واضح لکھا گیا تھا کہ تاریں نیچے ہونے کے باعث کوئی بھی حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ لیکن درخواست کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور گزشتہ روز حادثہ رونما ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :