ملکی و غیر ملکی جانوروں و پرندوں کا کاروبار کرنے والوں کو لائسنس جاری کئے جائیں گے

لائسنس یافتہ ڈیلرز جانوروں و پرندوں کی خرید وفروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کے پابند ہونگے ڈیلرز صرف مصنوعی ماحول میں پروان چڑھے جانور و پرندے فروخت کر سکیں گے ‘نو ٹیفکیشن جاری

بدھ 10 اگست 2016 16:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) تحفظ جنگلی حیات پنجاب ایکٹ مجریہ 2007میں بذریعہ ترمیم ملکی و غیر ملکی جانوروں اور پرندوں کاکاروبار کرنیوالوں کو باقاعدہ لائسنس جاری کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت پرندوں کاکاروبار کرنیوالے محکمہ جنگلی حیات وپارکس پنجاب سے مقرر کردہ فیس جمع کروا کر لائسنس حاصل کر سکیں گے ۔

ایکٹ میں ترمیم کے مطابق جانوروں کاکارروبار کرنیوالے ڈیلرز کو مصنوعی ماحول میں افزائش شدہ ملکی و غیر ملکی جانوروں اور پرندوں کی خرید و فروخت کرنے کے مجا زہونگے ۔ملکی و غیر ملکی جانوروں کا کاروبار کرنیوالے ڈیلرز کو سالانہ بنیادوں پر صرف 50ہزار روپے اور جنگلی پرندوں ( ملکی و غیر ملکی ) کا کاروبار کرنیوالے ڈیلرزکو30ہزار روپے جبکہ غیر تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کا کاروبار کرنے والے10ہزار روپے فیس اداکرنے کے پابند ہونگے ۔

(جاری ہے)

جانوروں اورپرندوں کی فروخت کے لیے لائسنس یافتہ ڈیلرز جہاں سے جانوریاپرندہ حاصل کیا ہواس کی تفصیلات اور جس کو فروخت کیاہو اس کے مکمل کوائف فراہم کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ کسی بھی ڈیلرکو جنگلی جانوریا پرندے (ملکی و غیر ملکی )کو قدرتی ماحول سے پکڑ کر فروخت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید براں ملکی و غیر ملکی جانوروں وپرندوں کی فروخت کے لیے ڈیلرز کو ڈائر یکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ، ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرلائسنس جاری کرنے کے مجاز ہوں گے جبکہ غیر تحفظ شدہ جانوروں و پرندوں کے کاروبار کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹراور ضلعی افسران جنگلی حیات لائسنس جاری کرنے کے مجاز ہیں ۔

متعلقہ عنوان :