مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی ‘حالیہ تاریخ ساز کامیابی میں آزاد خطہ کے غیور اور بہادر عوام کا اولین کردار ہے جس کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیاجا سکتا

معروف سیاسی وسماجی شخصیت پروفیسر راجہ محمد لطیف کا اجلاس سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 16:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی `حالیہ تاریخ ساز کامیابی میں آزاد خطہ کے غیور اور بہادر عوام کا اولین کردار ہے جس کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیاجا سکتا جبکہ موجودہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے قائدین نے اعلیٰ قیادت اور بہترین سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ن لیگ کو تاریخ ساز کامیابی حاصل ہوئی اس تاریخ ساز کامیابی پر سردار سکندر حیات خان صدر جماعت راجہ فاروق حیدر خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کااظہار معروف سیاسی وسماجی شخصیت پروفیسر راجہ محمد لطیف نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کرنل راجہ محمد یاسین ،راجہ الطاف ،شاہد جمیل ، راجہ صادق، راجہ سرور ، راجہ محمود ، راجہ عمران ، راجہ شاہنواز ، راجہ عدنان ، مرزا عاطف ، راجہ ظہور ، راجہ ایوب ، مولانا افضل رضوی ، راجہ ساجد (نارہ)، راجہ آزاد، راجہ فاضل و دیگر عمائدین کہوٹہ کاہنگڑہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر محمد لطیف نے کہا کہ موجودہ انتخابات آزادکشمیر کی تاریخ میں منصفانہ انتخابات تھے جس میں الیکشن کمیشن اور افواج پاکستان کا کردارمثالی رہا کامیابی الیکشن کے انعقاد پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفی مغل مبارکباد اور الیکشن کمیشن کا عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے جنہوں نے انتہائی جانفشانی، دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ الیکشن کو اپنے انجام تک پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ 21جولائی کے روز مسلم لیگ نے بھرپور اورنمایاں حیثیت سے کامیابی حاصل کی جس پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور قائدین جماعت کو مبارکباد دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تحریک آزادی کشمیری ، ریاستی تشخص اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گی ہم راجہ نثار ،فاروق سکندر کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے اور توقع کرتے ہیں کہ وہ سابقہ روایات کی طرح عوام کے مفادات کا تحفظ کرینگے ۔

ہم اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے مطالبہ کرتے ہیں۔ چوہدری محمد سعید کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے کیونکہ انہوں نے آزادکشمیر کے سب سے کانٹے دار مقابلے میں اپنے مد مقابل کو شکست دی ہے ۔ اس لئے کابینہ ان کو شامل کیاجائے تاکہ ضلع میرپور کو بھی کابینہ میں نمائندگی مل سکے ۔