سفارتی محاذ پر مہارت رکھنے والے مسعود خان کا نام صدارت کیلئے میں نے خود منتخب کیا ‘

ان کا انتخاب ہر لحاظ سے بہتر ثابت ہو گا‘ آزاد کشمیر میں کارکنوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائیگا‘ خود کو کارکنوں کیلئے وقف کر دیا ہے ‘ریاست میں قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی لیگی حکومت کا مشن ہے‘۔ سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت مظفرآباد کے تمام ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کرینگے ‘ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کروائیں گے‘جلد شہر کا تفصیلی دورہ کر کے عوام کو درپیش مسائل کا حل کروں گا وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا استقبالیہ سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 17:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر مہارت رکھنے والے مسعود خان کا نام صدارت کیلئے میں نے خود منتخب کیا ہے ان کا انتخاب ہر لحاظ سے بہتر ثابت ہو گا۔ آزاد کشمیر میں کارکنوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا، خود کو کارکنوں کیلئے وقف کر دیا ہے ۔

ریاست میں قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی مسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن ہے ۔ سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت دارلحکومت مظفرآباد کے تمام ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کریں گے ، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کروائیں گے۔جلد شہر کا تفصیلی دورہ کر کے عوام کو درپیش مسائل کا حل کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لوئر پلیٹ اور اپر پلیٹ کے عوام کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر سیدافتخار گیلانی اور مسلم لیگ ن کے رہنماء اصغر نثار میر نے بھی خطاب کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایسا طرز حکومت اپنائے گی جس سے آزادکشمیر میں ماضی کی محرومیوں و ناانصافیوں کا ازالہ ہو گا۔آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو سستا اور معیاری انصاف فراہم ہو گا اور عوام کو جدید سہولتیں میسر ہوں گی۔

عوام اطمینان رکھیں ٹرین کو پٹڑی پر چڑھانے دیں ۔کارکنوں کی عزت نفس کا بھرپور خیال رکھیں گے اور ان کی مشکلات کا ازالہ کریں گے ۔اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر یہ عہد کر رکھا ہے کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں استحصالی کلچر کا خاتمہ کریں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔قانون کی حکمرانی ،میرٹ کی بالادستی قائم کی جائے گی ۔

تعمیر و ترقی کے لیئے ایسا میکنزم اختیار کریں گے جس سے آزاد خطہ کی عوام کا مقدر سنور جائے گا اور آزادکشمیر ویلفیئر اسٹیٹ میں بدل جائے گا۔مظفرآباد تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا دارلحکومت ہے ۔اسے بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنا دیں گے ۔اہلیان مظفرآباد کے تمام قرض اتاریں گے ۔شہر میں صحت و صفائی کا نظام بہتر کیا جائے گا ۔مظفرآباد میں قبرستان کے لیئے چند روز میں اراضی مختص کر دی جائے گی ۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی ترجیحات کے مطابق کام شروع کر دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ مسعود خان کے نام پر بے جا تنقید کرنے والے اور منفی پروپیگنڈاکرنے والے اپنے ارادوں میں ناکام ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے ریاستی عوام پر فخر ہے کہ وہ حق و سچ کا ساتھ دیں گے اور آزادکشمیر میں کرپشن جیسے کینسر کے کریک ڈاؤن میں حکومت کی معاونت کریں گے اور ہم نے کرپشن فری اسٹیٹ کا جو نعرہ لگا رکھا ہے اس کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت کی معاونت بھی کریں گے ۔

کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ۔دسمبر میں الیکشن منعقد ہوں گے اس سے عوام کو براہ راست اقتدار میں شرکت کے مواقع ملیں گے۔وزیر تعلیم سید افتخار علی گیلانی نے حلقہ کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن کے ویژن کے مطابق ہمیں جو کامیابی دلائی عوام کو مشاورتی عمل کا حصہ بنائیں گے ۔مسلم لیگ ن کا دور حکومت تاریخی اور مثالی ہو گا ۔مظفرآباد کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی عوام سے انتخابات میں کیئے جانے والے وعدوں کو پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے شہریوں کو درپیش تمام مسائل حل کریں گے اور شہر کو بہتر سہولیات فراہم کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :