کوئٹہ اور اے پی ایس سمیت دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے انتہائی مکروہ ذہن ملوث ہے، یہ پاکستان کی ترقی نہیں دیکھ سکتا، مکروہ ذہن کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ، پاکستان کے آئین ، عدلیہ ، طرز زندگی ، عوام اور قومی سلامتی کے اداروں کے دشمن نظریے کو شکست دینگے ،پاک چین اقتصادی را ہداری منصوبوں سے روشن ہوتے امکانات کی وسیع دنیا دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ، ہمارا متحد رہنا ہی شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے ، پاک فوج ، خفیہ ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا بہتر کام کر رہے ہیں ، پاکستان کو محفوظ سرزمین بنانا ہمارا مشن ہے ، نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا، حکومت ، عوام ، مسلح افواج ، پولیس اور قومی سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور رہیں گے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت کے باعث آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہے

وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کا قومی اسمبلی سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 17:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور اے پی ایس سمیت دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے انتہائی مکروہ ذہن ملوث ہے جو پاکستان کی ترقی نہیں دیکھ سکتا ، ہم اس مکروہ ذہن کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ، پاکستان کے آئین ، عدلیہ ، ہمارے طرز زندگی ، عوام اور قومی سلامتی کے اداروں کے دشمن نظریے کو شکست دینی ہے ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے روشن ہوتے امکانات کی وسیع دنیا دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ، ہمارا متحد رہنا ہی شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے ، پاک فوج ، خفیہ ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا بہتر کام کر رہے ہیں ، پاکستان کو محفوظ سرزمین بنانا ہمارا مشن ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم شامل ہے ، نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا، حکومت ، عوام ، مسلح افواج ، پولیس اور قومی سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور رہیں گے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت کے باعث آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں قومی اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہاکہ میں انتہائی غمزدہ کیفیت میں مخاطب ہوں ، پیاروں کی شہادت پر دکھ ہے، سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو سوگوار کردیاہے ۔ ہم نے دہشتگرد ی کوختم کرنے کا عزم کیاہے جسے متزلز نہیں کیاجاسکتا ۔ ہم دہشتگردی کو ختم کرکے دم لیں گے ۔ دہشگردی کا وہی نظریہ ہے جس نے بینظیر بھٹو کو شہید کیا اور اے پی ایس پر حملہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر پوری قوم سوگوار ہے ۔ سہشتگردی واقعات میں اقلیتی برادری سمیت ہر کسی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ، یہ وہ نظریہ ہے جو عدلیہ ، آئین ، عوام ، ہمارے طرز زندگی اور قومی سلامتی کے اداروں کا دشمن ہے ، ہمیں ہر قیمت پر اس نطریے کو شکست دینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہماری کورٹ بار کے صدر کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد وہاں اکٹھے ہوئے ، صحافیوں ، وکلاء اور سول سوسائٹی کے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ۔

اس واقعہ میں ہر قسم کے لوگ دہشت گردی کی زد میں آئے ۔ یہ واقعہ باقاعدہ منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے جس کے پیچھے انتہائی مکروہ ذہن کا حامل چہرہ کارفرما ہے ، یہ وہ مکروہ ذہن ہے جو پاکستان میں امن وامان اور ترقی ہوتی نہیں دیکھ سکتا ، خاص طور پر بلوچستان کی صورتحال میں بہتر ہوتی صورتحال کو خراب کرنا ہمارے دشمن کے مکروہ عزائم میں شامل ہے ، ہم ان مکروہ عزائم کو خاک میں ملائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

پاکستان میں ترقی کے جو امکانات سامنے آئے بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے روشن ہوتے امکانات کی وسیع دنیا ہمارے دشمن کوہضم نہیں ہورہی ، ہمیں ان کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد رہنا ضروری ہے ، ہمارا اتحاد ہی شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان دنیا بھر میں آگاہی کی بھرپور مہم چلا رہا ہے ، ان حالات میں ہم خاموش نہیں رہ سکتے ، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہمارے قومی سلامتی کے ادارے سخت اقدامات کرنے میں حق بجانب ہیں ۔

سرحدو ں کی حفاظت اور طرز زندگی کو محفو ظ بنانا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر مکتبہ فکر، عقیدے ، برادری ، رنگ ونسل کے لوگوں کے لئے پاکستان کی سرزمین کو محفوظ بنانا ہمارا مشن ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ اس سے مراد ہماری حکومت ہی نہیں بلکہ ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کا ویژن ہے اور یہی قائداعظم کا بھی ویژن ہے ، اس کا اظہار ان کے فرمودات میں موجود ہے ۔

نوازشریف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان آپریشن ضرب عضب قومی اتفاق رائے سے منظور کردہ ایجنڈا ہے جسے ہر قیمت ہر مکمل کیا جائے گا ۔ نوازشریف نے کہا کہ تمام عسکری و سیاسی قیادت اس کا تہیہ کر چکی ہے ، میں آج اس ایوان کی وساطت سے یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے تمام خفیہ ادارے دشمن کے مکروہ عزائم ناکام بنانے میں مصروف ہیں ، ایک طرف تو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی جانیں دے رہے ہیں تو دوسری طرف انہوں نے دشمنوں کے سینکڑوں ایسے منصوبے بھی ناکام بنائے ہیں جن کا ہدف وہ ادارے تھے جو پاکستان کی بنیادی اساس ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں وہ تمام پاکستانی ، مسلح افواج اور تمام شہری ان کا نشانہ تھے ، انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہتر کام کر رہی ہیں ، آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ توانا اور مضبوط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام ، حکومت ، مسلح افواج ، پولیس اور قومی سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں اور متحد رہیں گے