حالیہ دہشت گردی کا واقعہ صوبے کا امن وامان تباہ کرنے کی سازش ہے ،تعلیم یافتہ قابل افراد کو نشانہ بنانا آئندہ نسلوں کو مفلوج کرنے کے مترداف ہے ،ہمیں ملکر شر پسند عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوئے و سینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی سردار فتح محمد محمد حسنی کا بیان

بدھ 10 اگست 2016 17:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوئے و سینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی سردار فتح محمد محمد حسنی ،صوبائی وزیر کھیل و ثقافت میر مجیب الرحمن محمد حسنی ،سابق صوبائی وزیر میرعلی مدد جتک، میر سرور جان محمد حسنی ،سردار عطاء اﷲ ،میر مصطفی محمدحسنی ،چیئرمین تاج کبدانی ،ڈاکٹر شاہنواز محمدحسنی ،عبدالمالک بنگلزئی،میرشفیع محمد کبدانی اور میر حفیظ مینگل کے ہمراہ شہید ہونے والے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی ،سانحہ سول ہسپتال میں شہید ہونے والے برسٹرعدنان کاسی ، قاہر شاہ ،اشرف سلہری ،بشیر زہری،سابق صدر بار ایسوسی ایشن باز محمد کاکڑ، محمود لہڑی اور دیگر شہیدوکلاء کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرانہوں نے کہاکہ وکلاء معاشرے کا ایک اہم طبقہ ہیں انہیں ٹارگٹ کرنا انسانیت سوز واقعہ ہے۔جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دہشت گردی کا واقعہ صوبے کے امن وامان کو تباہ کرنے کی سازش ہے جبکہ وکلاء اور تعلیم یافتہ قابل افراد کو نشانہ بنانا ہماری آئندہ کی نسلوں کو مفلوج کرنے کے مترداف ہے ہم سب کو ملکر ان عناصر سے ہرمعاذ پر مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ ہماری آئندہ آنے والی نسلیں محفوظ اور ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہوسکے۔