بچوں کو بچانے کیلئے” آگ“ اور ’پانی “ اکٹھا کرنے کا فیصلہ

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 17:47

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء ) محکمہ سماجی بہبود اور نگہبان سینٹرز کے منتظمین نے بچوں کی حفاظت کے سلسلے میں چلائی جانے والی مہم میں مقامی اکابرین،علماء اور این جی اوز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ محکمہ سو شل ویلفیئر وبیت المال کے ڈائریکٹر جنرل وحید اختر انصاری کی زیر صدارت گمشدہ،اغواء کے بعد بازیاب اور گھر سے بھاگے ہوئے بے سہارابچوں کی بحالی کے لیے خدمات سرانجام دینے والے نگہبان سینٹرز کے منتظمین کے اجلاس میں کیا گیا ہے ۔

اجلاس کا مقصد سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور ان میں مقیم بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں نگہبان سینٹرز کے منتظمین نے اپنے اپنے سینٹر کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور محکمہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل نے ضلعی افسران کو کمیونٹی کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم چلانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم میں علاقے کہ اکابرین،علماء اور این جی اوز کو شامل کیا جائے، والدین میں بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے اور ان کی صحبت سے باخبری کا شعور اجاگر کیا جائے بالخصوص ناخواندہ اور کم آمدن والے گھرانوں کو بچوں پر عدم توجہ کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کے وہ سینٹرز کی سیکیورٹی کو فول پروف بنائیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کو بچوں تک رسائی نہ دیں۔ بچوں میں کسی قسم کا خوف و ہراس نہ پھیلنے دیں اور گھروں سے بھاگ کر آنے والے بچوں کو جلد از جلد ان کے والدین سے ملوائیں تاکہ انہیں مزید کرب سے نہ گزرنا پڑے۔ انہوں نے پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ تعینات عملہ کو بھی مستعد رہنے کی تاکید کی