خیبرپختونخوا حکومت عوام کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، ڈاکٹرامجد علی

بدھ 10 اگست 2016 17:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کو درپیش رہائشی مسائل حل کرنے اور ہاؤسنگ سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کر رکھی ہے جس کی بدولت صوبائی حکومت کی آمدن میں اضافے کے ساتھ عوام کو بہتر رہائشی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔

یہ بات انہوں نے پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی جس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ہاؤسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹر جمال یوسف اور ڈی جی ہاؤسنگ،انجینئر اعجاز افضل سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر اتھارٹی کے گزشتہ ہونے والے اجلاس کے فیصلوں، سالانہ بجٹ برائے سال2016-17،دستیاب فنڈز کے بہتر استعمال ، عملے کی تعیناتی اور بھرتیوں سمیت جلوزئی ،حویلیاں اور پشاور ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف منصوبوں کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اوراس ضمن میں اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر اعلی افسران کی جانب سے ہاؤسنگ کے شعبے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی مخلصانہ کوششوں اور جذبے کے ذریعے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور آئندہ کی بہتر پلاننگ کے ساتھ اس شعبے کو عوامی امنگوں کے مطابق فعال بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ بلاتاخیر عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم ہوں اور سالہا سال سے چلی آنی والی ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ باہمی راوبط کو بڑھاتے ہوئے ایسی منصوبہ بندی تیار کی جائے جو عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سودمند ہو۔

متعلقہ عنوان :