کوہاٹ شہر میں دفعہ144نافذ،،، سٹیکرز والی سواریوں کی گاڑیوں کے علاوہ دیگر سواریوں کی گاڑیوں کے داخلے پر فوری طور پر عرصہ 30دن کیلئے پابندی

بدھ 10 اگست 2016 18:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے کوہاٹ شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے دفعہ 144ضابطہ فوجداری کے تحت بنوں گیٹ چوکی تا اولڈ پشاور چوک روٹ کو ٹریفک ریڈزون قرار دیتے ہوئے اس میں مخصوص سٹیکرز والی سواریوں کی گاڑیوں کے علاوہ دیگر سواریوں کی گاڑیوں کے داخلے پر فوری طور پر عرصہ 30دن کے لئے پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک ریڈزون میں صرف سفید سٹیکر والی گاڑیوں کو سواریوں کے پک اینڈ ڈراپ سروس کی اجازت ہوگی جبکہ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر ریڈزون میں داخلہ ممنوع ہوگا ۔اسی طرح بنوں اور پنڈی روڈ کے سرخ اور نیلے سٹیکر والی گاڑیاں پرانے اڈہ (بس سٹینڈ)میں پک اینڈ ڈراپ کریں گے اور انہیں ریڈ زون میں پک اینڈ ڈراپ کی اجازت نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

ہنگو روڈکی اورنج سٹیکر والی گاڑیوں کو پرانی مال منڈی اڈہ میں پک اینڈڈراپ سروس کی اجازت ہوگی اور ریڈ ٹریفک زون میں ان کے پک اینڈ ڈراپ سروس پر مکمل پابندی ہوگی ۔ علاوہ ازیں ریڈ زون میں سبز سٹیکر والی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی ۔تاہم ایمرجنسی گاڑیاں اور سکول گاڑیاں اس پابندی سے مستثنی ہوں گی ۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188تعزیرات پاکستان کے تحت کاروائی کی جائے گی ۔