پاکستان اوررومانیہ کے مابین گہرے برادرانہ و دوستانہ تعلق ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

پشاور میں رومانیہ کے قونصلیٹ کے اجراء سے صوبے کی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 10 اگست 2016 18:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان اوررومانیہ کے مابین گہرے برادرانہ و دوستانہ تعلق ہیں جن میں مزیدبہتری کی گنجائش ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں ان تعلقات کویقینا مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاورمیں رومانیہ کے اعزازی قونصلیٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکرصوبائی اسمبلی اسدقیصر،بوسنیااورسری لنکا کے سفیر،صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر محترمہ مہرتاج روغانی، بعض سینیٹرز، صوبائی وزراء اورقومی اورصوبائی اسمبلی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ پشاورمیں رومانیہ کے مقررکردہ اعزازی قونصل ایوب آفریدی نے خطبہ استقبال پیش کیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ پشاور میں رومانیہ کے قونصلیٹ کے اجراء سے صوبے کی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے اوراس سے دونوں ممالک کے عوام میں بہتر رابطوں کا موقع بھی میسر آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اورخیبرپختونخوا میں امن وامان کی بحالی کے بعد علاقے میں سرمایہ کاری اورتجارت کے بہترین مواقع دستیاب ہیں۔ جبکہ فاٹا اورخیبرپختونخوا جوقدرتی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے اور زیادہ قریب آئیں گے۔قبل ازیں رومانیہ کے سفیر ایملین ایون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں عوامی سطح پررابطوں کی ضرورت ہے جس سے پشاور میں رومانیہ کے قونصلیٹ کے کھلنے سے آسانیاں پیداہوں گی۔

متعلقہ عنوان :