سول ہسپتال بم دھماکے سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان

دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے، ہم نے فیصلہ کر لیا اب یاتو ملک میں دہشت گرد رہیں گے یا ہم رہیں گے،ثناء اﷲ خان زہری

بدھ 10 اگست 2016 18:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ سول ہسپتال بم دھماکے سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب یاتو ملک میں دہشت گرد رہیں گے یا ہم رہیں گے۔ سانحہ کوئٹہ کے بعد زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کا حوصلہ قابل تعریف ہے، جس سے ہمارا عزم مزید مستحکم ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال بم دھماکے کے شہداء کی رہائش گاہوں پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی،رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد اسلام بلوچ اور آئی جی پولیس بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سیکورٹی کے تمام خدشات کو پس پشت ڈال کر شہر کے مختلف مقامات پر واقع سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شہداء کی رہائش گاہوں پر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت و یکجہتی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہید شہزاد احمد ، داؤد کاسی ایڈوکیٹ شہید، قاہر شاہ ایڈوکیٹ شہید، ڈان نیوز کے کیمرہ مین شہید محمود خان، باز محمد کاکڑ ایڈوکیٹ شہید اور بیرسٹر عدنان احمد شہید کی رہائش گاہوں پر گئے۔ اس موقع پر ورثاء کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں اس وقت پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم سب ان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں، شہداء نے ملک اور صوبے کے لیے جو قربانی دی ہیں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کر کے ان کا قلع قمع کیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنگ دشمنوں نے شروع کی اسے انجام تک ہم پہنچائیں گے، یہ امر باعث تقویت ہے کہ سول سوسائٹی بھی دہشت گردوں سے شدید نفرت کا اظہار کر رہی ہے اور جلد از جلد ان کا خاتمہ چاہتی ہے، جو قومیں کسی اعلیٰ مقصد کے لیے یکجہت ہو جاتی ہیں تو پھر انہیں کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا، انہوں نے کہا کہ یہ حق و باطل کی جنگ ہے جس میں بالآخر فتح حق کی ہوگی، دنیا کا کوئی بھی مذہب خون ناحق بہانے کی اجازت نہیں دیتا ،دہشت گردوں کا ناتو کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی قوم و قبیلہ ، وہ صرف دہشت گرد ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد ہماری نسلوں کے دشمن ہیں انہوں نے ہمارے مستقبل پر وار کیا ہے ان سے ناحق بہائے گئے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا جارہا ہے اور ضرورت اور صورتحال کے مطابق اس میں ترامیم کر کے اسے مزید موثر بنایا جائیگا تاکہ دوبارہ اس قسم کے المناک واقعات رونما نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ شہداء کے بچوں اور لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :