سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس کے انعقاد سے طلبہ وطالبات کی چھپی ہوئی صلاحیتں اجاگر ہوں گی ،محمد عاطف خان

صوبائی حکومت سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کیساتھ کھیلوں و دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھی دور رس اقدامات اُٹھا رہی ہے،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

بدھ 10 اگست 2016 18:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس کے انعقاد سے طلبہ وطالبات کی چھپی ہوئی صلاحتیں اجاگرہوگی ۔صوبائی حکومت سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھی دور رس اقدامات اُٹھا رہی ہے جس سے ان اداروں میں زیر تعلیم بچے زندگی کی دوڑ میں آگے نکلنے کے قابل بن سکیں گے ۔

وہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک مردان اور گورنمنٹ ہائی سکول شرقی ہوتی میں جاری سمر کیمپس کے دورے کے موقع پر کیمپ میں شریک طلبہ وطالبات سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر کیمپ میں شامل بچوں میں گھل مل گئے اور مختلف گیمز میں بچوں کے ساتھ حصہ بھی لیا جس سے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ز مس ثمینہ غنی اور سراج محمد کے علاوہ نائب تحصیل ناظم مشتاق سیماب بھی موجود تھے۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ گذشتہ سال بھی مختلف ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سمر کیمپس کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔امسال سمر کیمپس کا دائرہ بڑھایا گیا اور اس با ر اس میں زیادہ تعداد میں طلبہ وطالبات شرکت کررہے ہیں ۔اس موقع پر سمر کیمپس کی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کیمپس میں بچوں کو ایک سافٹ وئیر (Learn smart) کے ذریعے تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ایکٹیوٹیز بیسڈ لرننگ اور بچوں کو ٹیم میں کام کرنے اور ان میں لیڈرشپ کی خصوصیات کے فروغ کے لیے کام ہورہا ہے اور یہ امر قابل ستائش ہے کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ وطالبات اپنے اپنے سکولوں کی طرف سے ان کیمپس میں پوری دلچسپی سے حصہ لے رہے ہیں اور ملک کے اعلیٰ ترین اداروں کے فارغ التحصیل ٹرینرز ان کی تربیت کر رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سکولوں میں 111 گراؤنڈز کے ساتھ ساتھ سینکڑوں پلے ایریاز بنائے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں طلبہ وطالبات کو سپورٹس کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے صوبائی حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز میں پوزیشن لینے والوں کے لیے دس ، پانچ اور تین لاکھ روپے کے نقد انعامات کی منظوری بھی دی ہے اور یہ ان سکالر شپ اور انعامات کے علاوہ ہیں جو پہلے سے ان کو دیئے جاتے ہیں ۔

یوم آزادی کے حوالے سے صوبائی وزیرنے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور اس کی ترقی ،استحکام اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :