امریکی سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کی دوسری برسی کے موقع پر احتجاج کے دوران فائرنگ

بدھ 10 اگست 2016 18:27

فرگوسن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) امریکی ریاست مزوری کے شہر فرگوسن میں سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کی دوسری برسی کے موقع پر احتجاج کے دوران اس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جب مظاہرین میں سے ایک شخص کو ایک کار نے ٹکر مار دی، فائرنگ کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گاڑی سے ٹکرانے والا شخض کس حد تک زخمی ہوا ہے۔

خیال رہے کہ 2014 میں ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں ایک 18 سالہ سیاہ فام امریکی نوجوان مائیکل براؤن کی ہلاکت ہوئی تھی۔تب سے اب تک فرگوسن شہر میں متعدد مظاہرے ہو چکے ہیں۔سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے بعد عدالت نے اپنے فیصلے میں پولیس افسر ڈیرن ولسن کو قتل کا مجرم قرار نہیں دیا تھا، اس کے بعد یہ مظاہرے فرگوسن کے علاوہ امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی پھیل گئے تھے۔

(جاری ہے)

سیاہ فام امریکی نوجوان کی ہلاکت کے بعد سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہمیت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک تحریک کا آغاز ہوا۔ جس کی وجہ سے پولیس افسران کے ہاتھوں ہی دیگر سیاہ فام افراد کی ہلاکتوں کے بارے میں آواز اٹھانے میں مدد ملی۔فرگوسن کی مرکزی گلی میں جب شام کے وقت مظاہرین کا مارچ جاری تھا تو ایک کار نے مظاہرے میں شامل ایک شخص کو ٹکر ماری۔

ایک عینی شاہد شیرن کووان نے بتایا’کار چلانے کرنے والی ایک خاتون نے اپنے پاؤں سے جوتا اتارا، اسے مارا اور وہ لڑکھڑاتا ہوا دور جا گرا۔واقعے کے حوالے سے موصول ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی سے ٹکرانے والا شخص ہوش میں تھا اور شاید اسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دیگر مظاہرین نے گاڑی کا پیچھا کیا اور اپنی بندوقیں نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔

ہیتھر ڈیمین کا کہنا ہے کہ گولیاں فضا میں اڑ رہی تھیں اور میں نے چیخنا شروع کر دیا۔فرگوسن کے پولیس افسر جیف سمال کے حوالے سے سینٹ لوئس پوسٹ ڈسپیچ نامی اخبار کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ کار چلانے والی خاتون مظاہرین سے جان بوجھ کر نہیں ٹکرائی تھیں اور وہ ان کے ساتھ بہت تعاون کر رہی تھیں۔ان کا کہنا ہے کہ گاڑی پر گولیاں لگنے سے سوراخ ہوئے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔اس سے قبل جب مائیکل براؤن کے والد نے اپنے بیٹے کی دوسری برسی کے موقع پر بات کی تو کہا کہ ان کے بیٹے نے خاندان کا نام بلند کیا ہے اور دنیا کی انکھیں کھولی ہیں اور انھیں بتایا ہے کہ یہ درست نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاہ رنگ خوبصورت ہے۔

متعلقہ عنوان :