اورنج لائن منصوبہ دنیا بھر میں پاکستانی ماہرین کی محنت کا جیتا جاگتا ثبوت ہو گا-خواجہ احمد حسان

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 18:53

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء ) اورنج لائن سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی ہے کہ ٹکٹ‘پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات وصول کرنے کے لئے حاجی کیمپ آنے والے عازمین کی سہولت کی خاطر علاقے میں نکاسی آب کا نظام فوری طور پر بہتر کیا جائے اورنکلسن روڈ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے قابل بنانے کے لئے فوری طور پر اس کے ایک طرف اسفالٹ کی تہہ بچھا دی جائے۔

مون سون کے دوران حاجی کیمپ کے اندر جمع ہونے والے بارشی پانی کے فوری نکاس کے لئے مستقل طور پر سکرمشین اور ڈی واٹرنگ سیٹوں کا انتظام کیا جائے ۔ پورے ملک کی نظر یں اس وقت اورنج لائن منصوبے پر ہیں‘تکمیل کے بعد یہ دنیا بھر میں پاکستانی انجینئرز‘ماہرین او راس سے وابستہ تمام افراد کے پختہ عزم‘ محنت اور جانفشانی کا جیتا جاگتا ثبوت ہو گا‘ تمام متعلقہ محکمے اور کنٹریکٹر چیلنج سمجھ کر اسے مکمل کریں اور ہر مرحلے پر عوامی سہولت کا خصوصی طور پر خیال رکھیں- وہ گزشتہ روز لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 43فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا55 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا39فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا38فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا43فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اسے شیڈول کے مطابق سال رواں کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں-خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی مشکلات سے بچنے کے لئے اورنج لائن منصوبے سے متعلقہ ہیوی مشینری اور پری کاسٹ کئے جانے والے ٹرانزم اور گرڈرز وغیرہ کی ایک سے دوسری جگہ نقل و حمل کے دوران ٹریفک پولیس کے پائلٹ ان کے آگے آگے چلیں ۔

(جاری ہے)

بارشوں کے دوران لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ مستعدی سے کام کرے اور تیزی سے کوڑا کرکٹ کلیئر کرے‘اس مقصد کے لئے بارش ختم ہونے کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ بارش کے دوران بھی کام جاری رکھا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکج ٹو کے تعمیراتی کام کے سلسلے میں سڑکوں پر کھودے گئے گڑھے پر کرنے کا کام باقاعدگی سے جاری ہے ۔خواجہ احمد حسان نے چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکج ٹو پر کام کی رفتار میں بہتری کو سراہا اور اسے مزید بہتر بنانے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا-اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہدا ء کی روحوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :