وکلا ء کا سانحہ کوئٹہ کیخلاف سوگ

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 18:56

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء ) پاکستان بار کونسل کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر کی وکلاء تنظیموں نے سا نحہ کو ئٹہ کے خلاف بدھ کو بھی سوگ منایا ، وکلاء بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرہائیکورٹ ،سیشن ،سول اور خصوسی عدالتوں میں اہم نوعیت کے مقدمات میں پیش ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں لاہور ہائیکورٹ بار اور دیگر وکلاء تنظیموں نے سا نحہ کو ئٹہ کے تیسرے روز یوم سوگ منایا وکلاء بارز میں سیا ہ پرچم لہرئے گئے۔

وکلاء اپنے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اہم کیسوں میں عدالتوں میں پیش ہوئے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن نے کو ئٹہ میں سول ہسپتال میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ سپریم کورٹ بار نے سات روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کے لئے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن کی قیادت میں وکلاء کا نمائندہ وفد کوئٹہ روانہ ہو گیا ہے۔

نمائندہ وفد میں حافظ عبدالرحمن انصاری سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور چوہدری عبدالوحید گجر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ شامل ہیں۔کوئٹہ روانگی سے قبل لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعہ سے پوری قوم غم کی کیفیت میں ہے۔حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے عملی اقدامات کرئے اور کومبنگ آپریشن کو تیز تر کرتے ہوئیدہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔