نالہ بھیڈ میں پانی بھرنے سے انتظامیہ حرکت میں آگئی

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 19:53

سیالکوٹ (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء)سیالکوٹ شہر میں شدید موسلا دار بارش سے نالہ بھیڈ میں گنجائش سے زائد پانی آنے سے پانی کناروں سے باہر نکل آیا جس پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ صوبائی وزیر زکوة و عشر پنجاب و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی سیالکوٹ ملک ندیم کامران نے نشیبی علاقوں سے بارشی اور نالہ بھیڈ کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی تلقین کی اور اس سلسلہ میں وقتا فوقتا ہدایات جاری کرتے رہے ۔

ڈی سی او نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سیالکوٹ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں بدھ کی صبح94ملی میٹر موسلا دار بارش کی وجہ سے نالہ بھیڈ میں طغیانی آنے سے رنگپورہ، خادم علی روڈ ، ڈیفنس روڈ اور کشمیر روڈ کے ملحقہ علاقوں میں بارشی پانی جمع ہوگیا تھا تاہم ٹی ایم اے کی جانب سے بروقت اقدامات سے بارش تھم جانے کے صرف چار گھنٹے بعد ہی شہر کے علاقوں جن میں امام صاحب روڈ، حاجی پورہ روڈ، شہاب پورہ روڈ، چرچ روڈ، تحصیل بازار، ٹرنک بازار، کچہری روڈ، جیل روڈ اوردارہ آرائیاں سے ڈی واٹرنگ سیٹوں ، ڈسپوزل اسٹیشنوں اور سینی ٹیشن کے عملہ کے ذریعے پانی کا اخراج کرلیا گیا جبکہ آئندہ چند گھنٹوں میں رنگپورہ سے بھی پانی کا نکاس کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خادم علی روڈ پر جمع پانی نالہ بھیڈ میں پانی کے لیول کے کم ہوتے ہی اتر جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹی ایم اے سیالکوٹ ، سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پبلک ہیلتھ انجینئر نگ ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران اور عملہ فیلڈ میں ڈیوٹیاں انجام دے رہا ہے ۔ انہوں کہاکہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاس کیلئے 9ڈسپوزل اسٹیشن، 42ڈی واٹر سیٹس، 3ایکسی ویٹرز، ایک ڈریگ لائن مشین اور تین سکر مشینوں سے مدد لے جارہی ہے ۔

ڈی سی او نے بتایا کہ نالہ بھیڈ میں پانی کے بہاوٴ کی گنجائش 1700کیوسک ہے جبکہ 2964کیوسک پانی آنے سے بارشی پانی شہری علاقوں میں داخل ہوگیا ۔ ڈی سی او نے بتایا کہ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں آ ئندہ 24گھنٹوں میں شدید طوفانی بارشوں کا عندیہ دیا ہے جس کے بیش نظر دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں فلڈ وراننگ جاری کردی گئی ہے اور متعلقہ محکموں کو اپنی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔