ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ٗ چیف ایگزیکٹو آئیسکو

لائن سٹاف کو تنخواہ کی ادائیگی سے قبل انکی ٹی اینڈ پی لازمی طور پہ چیک کی جائے ٗ ہدایت

بدھ 10 اگست 2016 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر راناعبدالجبار خان نے کہا ہے کہ آئیسکو بہترین ترسیلی نظام کی ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے جہاں ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، آئیسکو افسران اپنے ماتحت دفاتر میں چیک اینڈ بیلنس کے مربوط نظام کو قائم کرکے اپنی کارکردگی کو مزیدبہتر بنا سکتے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے چکوال ، جہلم اور اٹک کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کئے گئے اجلاس کے دوران کیا ۔ چکوال ، جہلم اور اٹک سرکل کے ایس ایز اور ایکسئینز نے آئیسکو چیف کو اپنے اپنے سرکلز کے لئے دیئے گئے گذشتہ ماہ کے لائن لاسسز ،ریکوری ، بجلی چوری کے خلاف کئے گئے اقدامات موبائل میٹر ریڈنگ اور روشنی ایس ایم ایس سروس کے اہداف کے نتائج سے متعلق بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں لائن پر کام کے دوران ایکسیڈنٹ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ کام کے دوران حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے انھوں نے کہا موبائل فون کے ذریعے ورک پرمٹ کے اجراء کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب لائن سٹاف کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں متعلقہ ایس ڈی او اور ایکسئین واقعے کے ذمہ دارہوں گے ۔

لائن سٹاف اپنی جانوں سے نہ کھیلے اور کام کے دوران حفاظتی تدابیر کو اپنائے۔ انھوں نے افسران کو ہدایات کیں کہ لائن سٹاف کو حفاظتی آلات کے بغیر لائن پر ہرگز کام نہ کرنے دیں ، لائن سٹاف کو تنخواہ کی ادائیگی سے قبل انکی ٹی اینڈ پی لازمی طور پہ چیک کی جائے اورہر صبح دفتری اوقات کا آغاز تلاوت کلام پاک اور سیفٹی کے متعلق آگاہی سے کیا جائے ۔

نئے بجلی کنکشنز کے حصول میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور انہیں12اگست تک اس بات کی رپورٹ دی جائے کہ تین ماہ سے زائد عرصہ کی نئے کنکشن کی کوئی درخواست کسی بھی دفتر میں موجودنہیں۔ آئیسکو چیف نے اس ضمن میں چیف انجینئر (ایم ایم) بخت زمان کو ہدایت کی فیلڈ سٹور ز سے سب ڈویژنز کو درکار میٹریل کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف موثر کاروائیاں نہ کرنے پر آئیسکو چیف نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بجلی چوری ایک ناسور ہے اور بجلی چور چاہے کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اٗسے فی الفور قانون کے کٹہرے میں لا یا جا ئے ۔

اس موقع پر جنرل منیجرکسٹمرسروس واجد علی کاظمی،جنرل منیجر ٹیکنیکل/ آپریشن باسط زمان ،ایڈیشنل ڈی جی (ایم آئی ایس) خالد مسعود،چیف انجنئیر(ایم ایم) بخت زمان، ایڈیشنل منیجر کو آرڈنیشن جعفر مرتضی،راولپنڈی اسلام آباد سرکلز کے ایس ایز اور تما م ایکسئینز ، ،ڈپٹی کمرشل منیجرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :