وزیراعلیٰ پنجاب کی کانگووائرس سے بچاؤ اور عیدالاضحی کے موقع پر احتیاطی اقدامات کے حوالے سے3گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنس

بہاولپور میں کانگووائرس سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس، ایم ایس بی وی ایچ معطل، پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج او ایس ڈی ایک ایک جان عزیز ہے، کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے جامع حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ‘شہبازشریف

بدھ 10 اگست 2016 20:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بہاولپور میں کانگو وائرس سے ایک نرس اور ڈاکٹرکے جاں بحق ہونے کے حوالے سے پیش کی جانے والی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فی الفور معطل کرنے جبکہ پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج کو او ایس ڈی بنانے کاحکم دیا ہے۔

انہوں نے صوبہ بھر میں عیدالاضحی کے حوالے سے کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے جامع اور موثر ایکشن پلان مرتب کرنے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کانگو وائرس کے حوالے سے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کیا جائے اور متعلقہ محکمے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور آپس میں مربوط رابطہ رکھیں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور عیدالاضحی کے موقع پراحتیاطی اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ 3 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ویڈیو کانفرنس کے دوران صوبہ بھر میں کانگووائرس کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور میں کانگووائرس سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر مجھے دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے اور وہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ محکمہ صحت کی واضح ہدایات کے باوجود کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے وضع کردہ طریق کار پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اور جاں بحق ہونے والی نرس اور ڈاکٹر کے علاج معالجے میں بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد میں واضح خامیاں پائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایک ایک جان عزیز ہے اور میں کسی صورت غفلت اور لاپراوہی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دے سکتا۔

انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کانگووائرس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے میں خامیاں سامنے آئی ہیں اور اسی لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو معطل اور پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج کو او ایس ڈی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے دیگر افراد کا بھی تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

انہو ں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے موثر مانیٹرنگ کا نظام انتہائی ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے ہیلتھ کئیر سسٹم کو پوری طرح متحرک ہونا پڑے گا اور نظام سے وابستہ افراد کو اب جاگنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے، اس لئے کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے۔

کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور مویشی منڈیوں میں سپرے کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور ان محکموں کے افسران اپنے فرائض تندہی و ایمانداری سے سرانجام دیں۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے بہاولپور میں کانگو وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کے حوالے سے اپنی انکوائری رپورٹ پیش کی۔

اجلاس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری ،متعلقہ سیکرٹریز،طبی ماہرین اوراعلی حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژن کے کمشنرز صاحبان اور متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔