وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس،گریٹر اقبال پراجیکٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا

بدھ 10 اگست 2016 20:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں گریٹر اقبال پراجیکٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران دی جانیوالی عظیم قربانیوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا ایک قومی اورملی ذمہ داری ہے اوراس حوالے سے تحریک پاکستان کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے گریٹر اقبال پراجیکٹ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت 120ایکڑ قطعہ اراضی پر گریٹر اقبال پراجیکٹ بنا رہی ہے ۔پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد منصوبہ ہے۔تحریک پاکستان کے قومی ہیروز کیلئے نیشنل ہیروز گیلری بھی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور نئی نسل کو حصول پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنے کیلئے یہ منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سٹیئرنگ کمیٹی منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے۔ خواجہ احمد حسان ،ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ایچ اے،وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد، یوسف صلاح الدین اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔