چین کی اعلیٰ قیادت کا سانحہ کوئٹہ پر پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی ، دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

چینی حکومت اورعوام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ،چینی صدر کا پاکستانی ہم منصب سے تعزیت کا اظہار چینی سفارتخانے میں تقریب کا انعقاد ،کوئٹہ دھماکے کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی

بدھ 10 اگست 2016 21:31

بیجنگ / اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ نے سا نحہ کو ئٹہ پر پا کستان سے اظہار یکجہتی کر تے ہو ئے واقعہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہاہے کہ چینی حکومت اورعوام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔

بدھ کو اپنے پاکستانی ہم منصب ممنو ن حسین کے نام بھیجے جا نے والے علیحدہ تعز یتی پیغام میں شی جن پنگ نے دھماکے سے متاثرہ خا ندا نوں کے ساتھ یکجہتی اور تعز یت کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ عوام کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں ، کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی خبر کا سن کر مجھے انتہائی دکھ ہوا جس میں متعدد افراد جاں بحق وزخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چینی عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔ چینی حکومت اور عوام کی جانب سے میں جا ں بحق افراد کے لوا حقین اور ز خمیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں ،چین ہر قسم کی دہشت گر دی کے خلا ف ہے اور اس طرح کے دہشت گردحملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ، دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں ہمیشہ پاکستانی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے جس سے پاکستان کے استحکام کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب وزیراعظم نوازشریف کے نام بھیجے جانے والے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں یہ جان کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا کہ کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے ، چین دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ چینی حکومت کی جانب سے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں ہونے والوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں ۔

چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہمیشہ پاکستانی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جاری کاوشوں کی حمایت کرتے رہیں گے تاکہ اس جنگ میں پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اسلام آبا میں چینی سفارتخانے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ انہیں کوئٹہ حملے کا جان کر شدید دکھ اور افسوس ہوا، انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دل جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں ہم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے تاکہ عوام کے تحفظ اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے ۔ تقریب میں جاں بحق افراد کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :