قومی اسمبلی میں چوہدری نثار کا ایک بار پھر روایتی انداز میں مدلل،حقائق پر مبنی اور جاندار خطاب، خوب داد سمیٹی

حکومتی اور اپوزیشن اراکین سمیت وزیر اعظم بھی وزیر داخلہ کی تقریر انتہائی انہماک سے سنتے رہے چوہدری نثار نے سانحہ کوئٹہ پر منفی بیان دینے پرمحمود اچکزئی کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا

بدھ 10 اگست 2016 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بار پھر روایتی انداز میں مدلل،حقائق پر مبنی اور جاندار خطاب کر کے خوب داد سمیٹی ، حکومتی اور اپوزیشن اراکین سمیت وزیر اعظم نواز شریف بھی وزیر داخلہ کی تقریر انتہائی انہماک اور غور سے سنتے رہے اور بار بار چوہدری نثار کی طرف دیکھتے رہے ، وزیر داخلہ نے سانحہ کوئٹہ پر منفی بیان دینے پرمحمود خان اچکزئی کا نام لئے بغیر ان کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ بہتر ہوتا کہ محمود خان اچکزئی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور اافغان انٹیلی جنس ’’این ڈی ایس‘‘ کا نام بھی لیتے،انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں اپوزیشن کو بھی ہدف تنقید بنایا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مکمل ساتھ دینے پر سابق صدر آصف علی زرداری کی تعریف بھی کی،چوہدری نثار نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں کا ذکرکیا اور آپریشن کی کامیابی پر فوجی قیادت کے کردار کی تعریف کی ،انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون پر ان جماعتوں کے رہنماوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی قیادت یہ تسلیم کرتی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوامی تعاون کے بغیر کامیابی ممکن نہیں تھی۔