صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس سسٹم کے فیڈر روٹس چلانے کے پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

پہلے مرحلے میں شہر کے 14 روٹس پر جدید ائیر کنڈیشنڈ بسیں جلد رواں دواں ہوں گی،فیڈر روٹس پر بسوں کے چلنے سے شہریوں کو قابل اعتماد، معیاری اور سستی سفری سہولتیں ملیں گی ،شہبازشریف سی ٹی او کو صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

بدھ 10 اگست 2016 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور میں میٹروبس سسٹم کے فیڈرروٹس کے لئے جدید بسوں کا جلد آغاز کیا جارہاہے اوراس ضمن میں صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس سسٹم کے فیڈر روٹس چلانے کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اورپہلے مرحلے میں شہر کے 14 روٹس پر جدید ائیر کنڈیشنڈ بسیں جلد رواں دواں ہوں گی۔

فیڈر روٹس پر بسوں کے چلنے سے شہریوں کو قابل اعتماد، معیاری اور سستی سفری سہولتیں ملیں گی اور فیڈر روٹس پر چلنے والی بسوں سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ فیڈر روٹس پر بسوں کے چلنے سے شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بھی بہتر ہوگا۔وہ بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس میں صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس سسٹم کے فیڈر روٹس کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ فیڈر روٹس پر چلائی جانے والی بسوں کی پارکنگ کیلئے مناسب انتظام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔آمد و رفت کی جدید اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی او کو صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں ٹرانسپورٹ کے شعور اور ٹریفک قوانین سے آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔

موثر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو بس پراجیکٹ کے فیڈر روٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ایم این اے مہر اشتیاق احمد، خواجہ احمد حسان ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی ٹی او لاہور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :