کراچی، رینجرز کا منگھوپیر میں ٹارگٹڈ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں4 دہشتگرد مارے گئے

جمعرات 11 اگست 2016 11:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ،منگھوپیر میں چار دہشتگرد مارے گئے، بھیم پورہ سے تین مشتبہ افراد زیر حراست ، بلدیہ گلشن غازی اور نصرت بھٹو کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ منگھوپیر کے علاقے خیرآباد میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

اس دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد مارے گئے۔ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگرد یوم آزادی کے موقع پر دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اولڈ سٹی ایریا بھیم پورہ کے علاقے میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔

اس دوران ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی گئی۔تلاشی کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ بلدیہ گلشن غازی اور نصرت بھٹو کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔آپریشن میں پولیس کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ پاک کالونی میں چند روز قبل قتل ہونے والے ڈاکٹر پریتم داس کے قاتل گرفتار کر لئے گئے۔

متعلقہ عنوان :