کوئٹہ میں بم دھماکہ، پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی

جمعرات 11 اگست 2016 13:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 14 افراد زخمی ہو گئے ۔ یہ دھماکہ جمعرات کی صبح کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ہوا۔کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن نے بتایا کہ بم دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہو ئے ہیں، زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق زرغون روڈ پر موجود فلائی اوور کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔پولیس اور فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے۔خیال رہے کہ رواں ہفتے ہی پیر کو سول ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکے میں 71 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ادھر صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا ہے دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا ہے ، دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا۔

دھماکے میں تین سے چار کلو باردوی مواد استعمال کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 71 افراد جاں بحق اور 112 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تو اس دوران ہسپتال میں زور دار دھماکا ہوا تھا۔ دھماکے کے وقت سول ہسپتال میں وکلاء اور میڈیا نمائندوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔