سری لنکا آسٹریلیا کو رواں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کرے ، سنتھ جے سوریا

جمعرات 11 اگست 2016 14:06

سری لنکا آسٹریلیا کو رواں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کرے ..

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے اپنی ٹیم پر زوردیا ہے کہ وہ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو رواں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کرے۔سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔جے سوریا کا ماننا ہے کہ اینجیلو میتھیوز کی قیادت میں نوجوان ٹیم سیریز کا تیسرا میچ جیت کر تاریخ میں اپنا نام درج کرسکتی ہے۔

0-3 کی کلین سوئپ سری لنکا کے لیے بڑی کامیابی ہوگی، انھیں 1981 میں ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد اتنی بڑی فتح نہیں ملی۔جے سوریا کا کہنا تھا کہ 'کوئی نہیں سوچتا تھا کہ ہم 0-2 کی برتری حاصل کریں گے، ہر کوئی یہی سمجھتا تھا کہ اس کا نتیجہ دوسرا ہوگا لیکن ہم نے اس کو اپنے حق میں کردیا ہے'۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہم یہ کرسکے تو پھر یہ تاریخ ہوگی اس لیے مجھے امید ہے کہ لڑکے اس بات کا احساس کریں گے کہ ہمیں ایک بڑاموقع مل گیا ہے'۔

سری لنکا نے آسٹریلیا کو اس سے قبل 1999 میں ٹیسٹ میں اس وقت شکست دی تھی جب جے سوریا اور تاریخ ساز اسپنر متھیا مرلی دھرن اپنے عروج میں اس ٹیم کا حصہ تھے۔گال ٹیسٹ میں تجربہ اسپنر رنگنا ہیراتھ کی جانب سے شاندار کارکردگی کے باوجود میچ کے بہترین کھلاڑی نوجوان اسپنر دلروان پریرا قرار پائے تھے۔جے سوریا نے کہا کہ 'ہم تبدیلی کے عمل سے گزر رہے ہیں، ہم اس وقت نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں جو کم تجربہ کار یا ناتجربہ کار ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ 'ہمیں ان پر مکمل بھروسہ ہے اور جس انداز سے وہ کھیل رہے ہیں اس سے ہم بہت خوش ہیں'۔'میں سمجھتا ہوں کہ تجربے کے ساتھ وہ سیکھ جائیں گے لیکن انھیں کہیں سے تو شروع کرنا تھا اور وہ سری لنکا سے آغاز کرچکے ہیں'۔سری لنکن ٹیم نے 2016 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دفاعی چمپیئن کی حیثیت سے شمولیت کی تھی لیکن بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شروع میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی جبکہ انگلینڈ کے دورے میں بھی بری طرح ناکام ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ میں مستقل مزاجی نہیں تھی لیکن اب کارکردگی دکھانا شروع کردیا ہے۔جے سوریا نے ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ پہلے دوٹیسٹ جیت چکے ہیں اور واضح انداز میں جیتے ہیں جو خاص بات ہے اسی لیے سری لنکا کا مستقبل شاندار ہے'۔۔

متعلقہ عنوان :