ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ میں اضافہ تشویشناک ہے ‘محمد ندیم

جمعرات 11 اگست 2016 14:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) آٹو ائیر کنڈیشننگ ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک محمد ندیم نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں تسلسل سے کمی اور تجارتی خسارہ میں اضافہ تشویشناک ہے ،ناقص پالیسیوں کے باعث ملکی برآمدات میں تیزی سے کمی اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے گزشتہ چار سال میں برآمدات میں4.5ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے2011میں برآمدات25.3ارب ڈالر تھیں جو اب20.8ارب ڈالر رہ گئی ہیں حکومت اس کا فوری نوٹس لے، نئی تجارتی پالیسی میں برآمدات میں اضافہ کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود برآمدات میں کمی افسوسناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں کمی سے زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی اور ملکی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک محمد ندیم نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش سازگار ماحول کے ساتھ ساتھ صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت کم ہیں جس کی وجہ سے مہنگی پیداوا ر کے باعث ملکی برآمدا ت متاثر ہورہی ہیں اور صنعتکار و تاجر طبقہ پریشانی میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیلئے بیرون ملک صنعتی نمائش کا انعقاد کرے اور ملکی اشیاء کیلئے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش میں تاجروں و صنعتکاروں کو مراعات دے تاکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائرمیں میں اضافہ ممکن ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :