صدارت کیلئے مسعود خان کی نامزدگی بہترین فیصلہ ہے‘جعفریہ سپریم کونسل

فاروق حیدر نے اچھا فیصلہ کیا‘ مسعود خان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرینگے‘شبیر بخاری‘ علامہ فرید عباس

جمعرات 11 اگست 2016 15:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر سید شبیر حسین بخاری اور سینئروائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے صدارتی عہدہ کیلئے مسعود خان کی نامزدگی کر کے بہترین فیصلہ کیا ہے۔ مسعود خان ایک بہترین سفارتکار ہیں ۔ انکے صدر آزاد کشمیر بننے سے جہاں آزاد خطہ کو ایک بہترین کردار کا تجربہ کار صدر میسر آئے گا وہیں اس پار تحریک آزاد ی کیلئے بھی مثبت پیغام جائے گا۔

(جاری ہے)

ہم وزیر اعظم کے اس فیصلہ کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید شبیر حسین بخاری اور علامہ سید فرید عباس نقوی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے صدارت کے عہدہ کیلئے مسعود خان ایک بہترین چوائس ہیں۔ موجودہ اسمبلی میں تجربہ کاراور نوجوان ممبران سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح صدارت کے عہدہ کیلئے بھی تجربہ کار شخصیت کی ضرورت تھی ۔ مسعود خان عالمی فورمز پر کشمیریوں کی بہترین انداز سے نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھرپور آواز بلند کرینگے۔ چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیروزیر اعظم کے فیصلہ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔