وزیر اعلیٰ کی ہدایت : رواں سال بھی ہر گاؤں میں گندم کا ترقی دادہ اور کُنگی سے محفوظ بیج مفت فراہم کیا جائے گا

جمعرات 11 اگست 2016 15:14

راولپنڈی/ اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہر گاؤں میں گندم کا ترقی دادہ اور کُنگی سے محفوظ بیج مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس سکیم کا مقصدگندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت آبپاش علاقوں میں 2 ایکڑ گندم کی کاشت کیلئے 100 کلوگرام اور بارانی علاقوں میں 1 ایکڑ پر کاشت کیلئے 50 کلوگرام گندم کا ترقی دادہ، کنگی سے محفوظ بیج ہر گاؤں سے قرعہ اندازی میں پہلے نمبر پر آنے والے ترقی پسند کاشتکاروں کو مفت فراہم کیا جائے گا۔

ہر گاؤں میں بیج کی کل مقدار کا تعین اس گاؤں میں گزشتہ سال کی گندم کی کاشت کے رقبہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ بیج کے حصول کے لئے آبپاش علاقوں کے 2 تا 25 ایکڑ اور بارانی علاقوں کے 1 تا 25 ایکڑ کے قابل کاشت اراضی کے مالک، ٹھیکیدار اور مزارعین مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اس سکیم کے تحت مفت بیج حاصل کرنے والے کاشتکار اس سال دوبارہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

ہر درخواست دہندہ کا ریکارڈ گاؤں کی بنیاد پر متعلقہ دفتر زراعت آفیسر (توسیع) میں درج ہو گا۔ گاؤں، تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں اس پروگرام کی نگرانی کریں گی۔ محکمہ زراعت اور محکمہ مال کے ملازمین اور ان کے گھرانہ کے افراد اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل نہ ہوں گے۔ کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) یا زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔یہ درخواست فارم محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agri.punjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2016 ہے

متعلقہ عنوان :