آئی جی سندھ نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ریڈالرٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے

جمعرات 11 اگست 2016 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ملک اور باالخصوص کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لاحق خدشات و تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ بھر میں سیکیورٹی ریڈالرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔انہوں نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ تمام پبلک مقامات ، ائیر پورٹس ، ریلوے اسٹیشنز ، ریلوے ٹریکس ، بس ٹرمینلز ، اہم سرکاری ونجی عمارتوں ،دفاتر ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی اسٹاف کالونیوں سمیت تمام مساجد ، امام بارگاہوں ، مزارات ، درگاہوں وغیرہ کے علاوہ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات و رہائشی آبادیوں پر رینج ، ڈسٹرکٹس اور زونز کے لحاظ سے سیکیورٹی کے جملہ امور کو فول پروف بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے تمام ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کیے کہ عوام الناس اور میڈیا کو باقاعدہ آگاہی مہم کے تحت یہ بتایا جائے کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ یا ہنگامی صوررتحال میں جائے وقوعہ پر اکٹھا ہونے سے گریز کریں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی گائیڈ لائن پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔کیونکہ ماضی میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی ایک ناخوشگوار واقعہ کے فوری بعد یا کچھ دیر توقف سے دوسرا واقعہ رونما ہوگیا جس سے جانی ومالی نقصانات میں اضافہ ہوا ۔مجھے قوی امید ہے کہ عوام اور میڈیامذکورہ اقدامات میں پولیس کے ساتھ قدم بہ قدم تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :