فیڈریشن کے آئندہ صدر اور سینئر نائب صدر کی نامزدگی کیلئے یو بی جی کورکمیٹی کا اجلاس اکتوبر میں ہوگا

پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،یو بی جی لیڈران

جمعرات 11 اگست 2016 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی مرکزی اور چاروں صوبوں کی کورکمیٹی کے اراکین نے گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ گروپ کے تمام لیڈران پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کورکمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین افتخار علی ملک کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں یو بی جی کے مرکزی سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،ترجمان گلزار فیروز،،صدر ایف پی سی سی آئی عبدالرؤف عالم،سینئرنائب صدر خالدتواب،شیخ ریاض الدین(سیالکوٹ)ڈاکٹر نعمان بٹ، حاجی محمدافضل(کے پی کے)، انجینئر داروخان (بلوچستان )، نوید بخاری(چیئرمین یو بی جی، کینیڈا )، ملک سہیل(اسلام آباد )،عبدالحسیب خان، ڈاکٹر اختیار بیگ، عبدالسمیع خان،نوراحمدخان،وسیم وہرہ،ناصر الدین شیخ،شکیل احمدڈھینگڑا،ممتاز شیخ،اکرام راجپوت،عرفان سروانہ،احمدچنائے، دستی،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدورحنیف گوہر،ارشدفاروق،ذوالفقار شیخ،ناہید مسعود،سعیدہ بانو،اشتیاق بیگ اور دیگراراکین شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یو بی جی کی مرکزی کور کمیٹی کاآئندہ اجلاس15اکتوبرکو لاہورمیں ہوگا جس میں وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی)کے 2017کے صدراور سینئرنائب صدر کیلئے یو بی جی کے امیدواروں کی نامزدگی کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا اور ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں خفیہ رائے شماری کے ذریعہ امیدوار کی نامزدگی کا فیصلہ کیا جائے گا،یو بی جی کے تمام ممبران کو جمہوری طور پردونوں عہدوں کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کا اختیار ہوگا اور اس کیلئے باقاعدہ طور پر یو بی جی کی کورکمیٹی کو درخواست دی جاسکے گی۔

اجلاس میں تمام اراکین نے فیڈریشن چیمبر کے موجودہ صدر عبدالرؤف عالم،سینئرنائب صدرخالدتواب اور نائب صدورکی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا جبکہ عبدالرؤف عالم اور زبیرطفیل کو ایف بی آر کے تمام تر معاملات اور پراپرٹی کے حوالے سے متنازعہ ایشوز کو احسن طریقے سے حل کرانے پرخراج تحسین پیش کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب میں افتخار علی ملک نے کہا کہ یوبی جی میں کوئی لیڈر نہیں بلکہ سب کارکن ہیں اور ہم متحد رہ کرتمام ٹریڈ سے وابستہ بزنس مینوں کے مسائل کوحکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرنے کی مکمل کوششیں جاری رکھیں گے،2 سال میں فیڈریشن انتخابات میں یو بی جی نے بھرپور کامیابی بزنس کمیونٹی کی مکمل حمایت سے حاصل کی،ہم نے بزنس کمیونٹی سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے جارہے ہیں،ایف پی سی سی آئی میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے ، فیڈریشن کے اخراجات پر نہ صرف قابو پایا گیا بلکہ ماضی میں کی گئی لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ کیاہے، ایف پی سی سی آئی تاجروں اورحکومت کے مابین ایک مضبوط پل کا کردار ادا کررہا ہے اورایف پی سی سی آئی میں آئندہ سال کیلئے بھی بہترین امیدوار نامزد کئے جائیں گے۔

اس موقع پر عبدالرؤف عالم نے یو بی جی کی کورکمیٹیز کو بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کی اسلام آباد کی عمارت تقریباً تیار ہوچکی ہے اور رواں ماہ کے اختتام یا آئندہ ماہ کے آغاز میں اس بلڈنگ کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن جی ایس پی پلس پرمستحکم بنیادوں پر کام کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کیلئے یورپی یونین کی جانب سے یہ سہولت آئندہ بھی برقرار رہے،ہم نے فیڈریشن میں جی ایس پی پلس کا شعبہ گلزار فیروز کے سپرد کیا ہے اور انہوں نے کراچی میں جی ایس پی پلس پر کامیاب سیمنار کا انعقادکیا جبکہ اس سلسلے کا آئندہ سیمنار لاہور میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :